کراچی(نعیم اختر) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نیازی حکومت ملک کیلئے سیکیورٹی رسک بن چکی ہے‘ تحریک انصاف کا مستقبل تاریک ہے2023ء کے الیکشن میں پارٹی کا بوریا بستر گول ہوجائے گا آنے والا کل پیپلز پارٹی کا ہے جس کی جڑیں چاروں صوبوں‘ گلگت‘ بلتستان‘ کشمیر تک پھیلی ہوئی ہیں۔ پیپلز پارٹی عوام کے دلوں کی دھڑکن ہے کارکن آئندہ الیکشن کی تیاریاں ابھی سے شروع کردیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سابق وفاقی وزیر میر چنگیز خان جمالی سے بلاول ہائوس میں نصیر آباد کی سیاسی شخصیات پر مشتمل وفد سے ملاقات میں کیا۔ وفد میں ملیر سے رکن سندھ اسمبلی محمود عالم جاموٹ‘ سابق وزیر اعظم کے مشیر سردارفتح علی عمرانی‘ چوہدری عاصم محمود‘ سردار زادہ بابا غلام رسول عمرانی‘ سابق صوبائی صدر پی پی بلوچستان علی مدد جتک‘ قیصر فقیر محمد بلوچ‘ دوست محمدستکزئی شامل تھے۔ ملاقات میں چیئرمین آصف علی زرداری کو سابق صوبائی وزیر سردار فتح علی عمرانی اور سردارزادہ بابا غلام رسول عمرانی نے نصیر آباد بلوچستان کے دورہ کی دعوت دی جو چیئرمین آصف علی زرداری نے قبول کرلی۔ دورے کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا جس میں سردار زادہ بابا غلام رسول عمرانی ساتھیوں سمیت پی پی پی میں شمولیت کا اعلان کرینگے۔ اس موقع پر چنگیز خان جمالی نے شریک چیئرمین آصف زرداری کو صوبے کی تنظیمی صورتحال سمیت دیگر امور پر بریفنگ دی۔