شان فوڈز کا کنری میں لال مرچ کی خریداری کامرکزقائم 

Dec 17, 2021

کراچی (کامرس رپورٹر) خطے میں مرچ کے کاشتکاروں کی سہولت کے لیے معروف فوڈ برانڈ شان فوڈز (پرائیویٹ ) لمیٹڈ نے ضلع عمر کوٹ کے علاقے کنری میں لال مرچ کی خریداری کے لیے مرکز قائم کردیا، جس کا افتتاح شان فوڈز کی شریک چیئرپرسن ثمر سلطان نے کیا ۔ تقریب میں ڈی جی پی اے آر سی، ڈاکٹر عطاء اللہ ، ڈائریکٹر آر اینڈ ڈی (کنری) سلیم اعجاز، سمیڈا کے انچارج، اور دیگر سرکاری افسران کے ساتھ کاشتکاروں کی بڑی تعداد شریک تھی۔یادر ہے کہ پاکستان مرچ پیداکرنیوالے دس اہم ترین ممالک میں شامل ہے، جبکہ پاکستان میں مرچ کی پیداوار میں سندھ پہلے ، پنجاب دوسرے اور بلوچستان تیسرے نمبر پر ہے، شان فوڈ ز کی جانب سے قائم کردہ مرچ کی خریداری کا مرکز کنری میں مرچ کاشت کرنے والے کسانوں کو ان کی پیداوار کی تجارت کے فروغ میں مدد فراہم کرے گا۔ خریداری مرکز پر جدید ترین لیبارٹری کے ذریعے موقع پر ہی معیار کا معائنہ کیا جائے گااور فراہم کردہ معیار کے مطابق ہی قیمت حاصل کی جائے گی،  اس اقدام سے چھوٹے کسان براہ راست شان فوڈز کو سرخ مرچ کی فروخت کرسکیں گے، شان فوڈزاس سہولت کے ذریعے مقامی کسانوں کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی کوشش کررہاہے۔ خاص طورپر پاکستان کی لال مرچ کی خصوصیت اور لونگی کی مختلف اقسام اپنے ذائقے کی بدولت دنیا بھر میں پہنچانی جاتی ہیں ، تاہم وائرس کے حملوں کی وجہ سے ہماری لونگی کی زیادہ تر فصل کم پیداوار کے ساتھ زیادہ تر تباہ ہوجاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ وائرس سے محفوظ رکھنے اور زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے شان فوڈز نے سرخ مرچ کی نرسری کا بھی افتتاح کیا ہے جہاں سبسڈی پر پودے فراہم کیے جائیں گے، اور جدیدی ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے سمیت پودے کو نرسری سے کھیت تک منتقل کرنے اور صحت مند پودوں کی نشوونما کی جائے گی۔مرچ خریداری مرکز کے افتتاح کے موقع پر شان فوڈز کی شریک چیئرپرسن ثمر سلطان کا کہنا تھاکہ’’ کنری پاکستان میں مرچ کی سب سے بڑی اور قدیم منڈی ہے، جو نہ صرف مقامی کھپت کی ضرورت کو پورا کرتی ہے، بلکہ اپنی برآمد کے ذریعے عالمی طلب کو بھی پورا کرتی ہے، کنری میں قائم کردہ شان فوڈز کا مرچ خریداری مرکز مرچ کے کاشتکاروں کونہ صرف ملکی معیشت میں اس کا حصہ ڈالنے میں مدد فراہم کرے گا، بلکہ مرچ کے کاشتکاروں کے لیے پہلے سے بہتر ذرائع آمد ن میں مددگار ثابت ہوگا۔ ‘‘
شان فوڈز

مزیدخبریں