ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹرحسن وقار چیمہ کا رورل ڈسپنسری برہان کا دورہ 

Dec 17, 2022

 حسن ابدال (نمائندہ نوائے وقت)ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹرحسن وقار چیمہ کا رورل ڈسپنسری برہان کا اچانک دورہ۔ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری تعمیراتی کاموں کی سست روی اور غیر معیاری کام پر سخت برہمی کا اظہار کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے گذشتہ روز رورل ڈسپنسری برہان کا اچانک دورہ کرتے ہوئے وہاں جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہیں زیر تعمیر ڈسپنسری کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے جاری تعمیراتی کام, صفائی و ستھرائی اور کوالٹی کا جائزہ بھی لیا اور اسے انتہائی غیر معیاری اور سست روی کا شکار ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور اس کے خلاف انکوائری کے احکامات جاری کیے۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ تعمیراتی کاموں میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کے پیسے کو کسی صورت ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع اٹک میں جاری تمام ترقیاتی سکیموں کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور اس حوالے سے تمام متعلقہ افسران کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔انہوں نے برہان ڈسپنسری کی تعمیر کو جلد مکمل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔

مزیدخبریں