اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) چمن میں افغان بارڈر سکیورٹی فورسز کی جانب سے بلا اشتعال گولہ باری پر اسلام آباد میں افغان ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب کرکے احتجاج کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چمن میں افغان بارڈر سکیورٹی فورسز کی جانب سے بلااشتعال گولہ باری کے حالیہ واقعات پر پاکستان کی جانب سے شدید مذمت کی گئی۔ واقعہ کے نتیجے میں جانی نقصان اور املاک کو نقصان پہنچا۔ اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ شہریوں کا تحفظ دونوں فریقوں کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔ پاک افغان سرحد پر امن اس مقصد کیلئے بنیادی ہے۔ چمن سے آئی این پی کے مطابق چمن میں پاک افغان بارڈر پر سرحدی فورسز کے مابین جنگ بندی ہو گئی۔ سکیورٹی حکام کے مطابق جنگ بندی کے بعد باب دوستی دوطرفہ تجارت اور پیدل آمدورفت کے لیے بحال ہے اور کسٹم، ٹریڈ کی معمول کی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔ سکیورٹی حکام کا کہنا تھا کہ چمن بارڈر کے قریب علاقوں میں معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہو گئے ہیں تاہم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔
افغان ناظم الامور احتجاج طلب،برادرانہ تعلقات کیلئے امن ضروری،پاکستان:باب دوستی کھول دیا گیا
Dec 17, 2022