سانحہ اے پی ایس کو 8سال مکمل،لواحقین کا احتجاج،غم آج بھی تازہ،صدر،وزرا


اسلام آباد‘ پشاور (خبر نگار خصوصی‘ اپنے سٹاف رپورٹر سے‘ نوائے وقت رپورٹ‘ این این آئی) سانحہ اے پی ایس کی 8 ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔اس موقع پر شہداء کے لواحقین نے احتجاجی کیا۔ دوسری طرف سانحہ کے حوالے سے اپنے پیغامات میںصدر عارف علوی‘ وزیراطلاعات مریم اورنگزیب اور وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ اور سابق صدر آصف زرداری  نے کہا ہے کہ برسوں گزر جانے کے باوجود اس سانحے کا غم آج بھی تازہ ہے۔ سانحہ قربانیوں کی یاد دلاتا رہے گا۔ 2014 میں پشاور کے آرمی پبلک سکول پر دہشت گردوں نے بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے  130 سے زائد طالب علموں سمیت 150 لوگوں کو شہید کردیا تھا۔آرمی پبلک اسکول کی آٹھویں برسی کے موقع پر شہید بچوں کے والدین خیبر روڈ پر جمع ہوئے اور سڑک کو ٹریفک کیلئے بند کردیا۔والدین نے آرمی پبلک سکول سے لے کر ورسک روڈ تک احتجاجی مارچ کیا، والدین پشاور کے کور کمانڈر سے بات کرنا چاہتے تھے لیکن پولیس نے انہیں روک دیا۔احتجاج میں شریک سکول حملے میں شہید ہونے والے طالبعلم کے والد محمد طاہر نے کہا کہ گزشتہ 8 سالوں سے انصاف کے منتظر ہیں لیکن بدقسمتی سے کوئی بھی ہمارے لیے کچھ نہیں کررہا۔ محمد طاہر نے کہا کہ وہ 16 دسمبر کو سرکاری چھٹی کا مطالبہ کررہے ہیں لیکن عہدیداروں کی جانب سے بار بار وعدوں کے باوجود ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے۔پولیس نے زبردستی ہمیں روکنے کی کوشش کی اور احتجاج میں شریک ایک شخص کے ساتھ مبینہ طور پر بدتمیزی کی ۔انہوں نے شکایت کی کہ حکومت اور اعلیٰ حکام کی جانب سے آرمی پبلک سکول کی تقریب میں شرکت نہیں کی گئی۔ جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سانحہ اے پی ایس کے شہداء کی آ ٹھویں برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ شرپسند عناصر نے نہتے کمسن بچوں کو شہید کرکے انسانیت سوز ظلم کیا۔ سانحہ اے پی ایس نے قوم کو دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ کیلئے یکجا اور تیار کیا۔ وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ 16 دسمبر کا دن آ رمی پبلک سکول کے شہداء کی عظیم قربانیوں کی ہمیشہ یاد دلاتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہم نے دہشت گردی کوشکست دینے کیلئے طویل سفر طے کیا۔ ہم پاکستان میں دیرپا امن اور ترقی کی جانب گامزن ہیں۔ رانا ثناء نے کہا کہ ناقابل فراموش سانحہ ہے۔ اے پی ایس کے شہداء نے پوری قوم کو دہشت گردی اور مذہبی انتہاپسندی کے خلاف یکجا ہونے کی راہ دکھائی۔ قوم نے مل کر ملک سے دہشت گردی کوشکست دی۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ 16 دسمبر کا دن اے پی ایس کے شہداء کی عظیم قربانیوں کی ہمیشہ یاد دلاتا رہے گا۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قوم اے پی ایس کے معصوم شہداء کو آج بھی نہیں بھولی دہشتگردوں کے خاتمے تک شہداء کے خون کا قرض باقی رہے گا۔

ای پیپر دی نیشن