نئی دہلی (اے پی پی) نریندر مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت نے جوہری صلاحیت کے حامل اگنی5 بین البراعظمی بلیسٹک میزائل (آئی سی بی ایم) کا تجربہ کیا ہے جس کی رینج ساڑھے پانچ ہزار کلومیٹر ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی وزارت دفاع نے ایک بیان میںکہا کہ جوہری صلاحیت کے حامل اگنی V بیلسٹک میزائل کا تجربہ اڑیسہ کے ا ے پی جے عبدالکلام ساحل سے کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ تجربہ میزائل پر نئی ٹیکنالوجی اور آلات کی جانچ کے لیے کیا گیا تھا۔ طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا تجربہ اروناچل پردیش کے ضلع توانگ میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) پر بھارت اور چین کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان کیا گیا۔ یہ پہلے سے طے شدہ مشق ہے اور تجربے سے پہلے پروٹوکول کے تحت وارننگ بھی جاری کی گئی تھی۔ بھارتی ماہرین کا کہنا ہے تجربے کا اصل مقصد چین کو پیغام دینا تھا۔ دو روز قبل ہی بھارتی ریاست اروناچل کی لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر ایک بار پھر بھارتی اور چینی فوج کے اہلکاروں کے درمیان جھڑپ ہوئی جس میں متعدد بھارتی اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔