غیر ملکی کرنسی اور دیگر اشیا کی اسمگلنگ روکنے کیلئے کارروائی تیز کی جائے:اسحاق ڈار

Dec 17, 2022


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سمگلنگ کی روک تھام کے اقدامات پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں بین الوزارتی اجلاس کی صدارت کی جس میں وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے محصولات طارق پاشا، گورنر سٹیٹ بینک، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری داخلہ، ڈی جی آئی اینڈ آئی کسٹمز، ممبر کسٹمز، اے ڈی جی ایف آئی اے اور خزانہ ڈویژن کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں انسداد سمگلنگ اقدامات میں ہونے والی پیشرفت اور ملک میں انسداد سمگلنگ نظام کو مضبوط بنانے کے لیے روڈ میپ کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کسٹمز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے غیر ملکی کرنسی، یوریا (کھاد)، گندم اور دیگر اشیاءکی غیر قانونی نقل و حمل کے خلاف سخت اور کڑی نگرانی میں کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ بتایا گیا کہ ان سخت اقدامات کے باعث 9 سے 15 دسمبر 2022 کے درمیان مختلف مقامات پر بڑی مقدار میں غیر ملکی کرنسی اور دیگر قیمتی اشیاء ضبط کی گئی ہیں۔ وزیر خزانہ نے ملک میں معاشی نمو کو متاثر کرنے والی غیر ملکی کرنسی اور دیگر قیمتی اشیاءکی سرحد پار سمگلنگ کو روکنے کی ضرورت کو اجاگر کیا اور متعلقہ اداروں کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ 
اسحاق ڈار/ اجلاس

مزیدخبریں