لاہور(خصوصی نامہ نگار)وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا قاری حنیف جالندھری نے صاحبزادہ مولانا احمد حنیف کے ہمراہ مکہ مکرمہ میں انٹر نیشنل ختم نبوت مؤومنٹ کے مرکزی امیر مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ سے ان کی رہائش گاہ پر تفصیلی ملاقات کی۔ مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ قادیانیت جدید ذرائع ابلاغ، دجل و فریب کے ذریعہ لوگو ں کو گمراہ، دین سے دورکرنے اور ا پنے باطل عقائد ونظریات کو پھیلانے میں مصروف ہے۔ ہمیں وفاق المدارس کی سطح پر دینی مدارس کے ذریعہ نوجوان علماء کرام کوبھر پور علمی تیاری اور بہترین اسلوب کے ساتھ فتنہ قادیانت کے سدباب،نسل نو کے ایمان کی حفاظت اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے تیار کرنا ہوگا۔ اس کیلئے ان کی اپنی تحقیقی، تصنیفی وتربیتی خدمات اور انٹر نیشنل ختم نبوت مؤومنٹ کاپلیٹ فارم حاضر ہے۔ مولانا قاری حنیف جالندھری نے کہاکہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے انٹر نیشنل ختم نبوت مؤومنٹ کے سابق مرکزی امیرحضرت مولانا عبدالحفیظ مکی،سفیر ختم نبوت مولانا منظوراحمد چنیوٹی اور خطیب یورپ وایشیاء مولانامحمد ضیاء القاسمی سمیت دیگرقائد ین کی خدمات قابل تحسین اور لائق تقلید ہیں۔