عمران کو اپنی عزت کا خیال نہیں، نئی نئی کرپشن کہانیاں آ رہی ہیں: عطاءتارڑ 

Dec 17, 2022


اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے داخلہ امور عطاءتارڑ نے کہا ہے کہ روزانہ عمران خان کی کرپشن کی نئی نئی داستانیں سامنے آرہی ہیں۔ توشہ خانہ سے اربوں روپے کا فراڈ کیا۔ عمران خان نے توشہ خانہ میں ملک کی عزت اور وقار کو مجروح کیا ہے۔ 4.96ارب روپے مالیتی تحائف سوا کروڑ روپے جمع کرا کے خریدے۔ پی ٹی آئی چیئرمین کو پاکستان اور اس کی عزت کا کوئی خیال نہیں۔ پی ٹی وی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے داخلہ نے کہا کہ توشہ خانہ کے تحائف کو بیچا نہیں جا سکتا۔ یہ بڑے ہی شرم کی بات ہے کہ ایک گھڑی چور ملک کا وزیراعظم تھا۔ خاتون اول کو ملنے والے سیٹ کی قیمت ایک ارب روپے سے زیادہ ہے۔ عمران خان نے اس کی قیمت 58لاکھ لگوا کر 29لاکھ میں توشہ خانہ سے خرید لیا۔ خاتون اول کو ملنے والے ایک اور سیٹ کی قیمت تین ارب روپے سے زائد ہے۔ 4.96ارب روپے مالیت کے تحائف ایک کروڑ پچیس لاکھ روپے جمع کرا کے خرید لئے گئے۔ اس سیٹ کو بھی چند لاکھ کے عوض خریدا گیا۔ خاتون اول کو ملنے والی انگوٹھی کدھر گئی۔ کسی کو اس کا نہیں پتہ۔ عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ توشہ خانہ میں فراڈ اور کرپشن کا معاملہ اربوں روپے کا ہے۔ عمر فاروق والی گھڑی کے معاملے کے علاوہ آج نئی چیزیں سامنے لا رہا ہوں۔ معاون خصوصی داخلہ نے کہا کہ کابینہ ڈویژن کے رولز کی بھی خلاف ورزی کی گئی۔ کابینہ رولز کے مطابق 30 ہزار سے اوپر کے تحائف کو آپ اپنے پاس رکھ سکتے ہیں نہ کہ بیچ دیں۔ خاتون اول کے لئے سونے کے بلغاریہ کے سیٹ جس کی مالیت سوا ارب تھی جبکہ اکاو¿نٹ میں 29 لاکھ جمع کروائے گئے۔ گراف کمپنی نے خاتون اول کو ہیروں کا سیٹ گفٹ کیا جس کی قیمت 3.3 ارب ہے جبکہ اس کے صرف 90 لاکھ روپے جمع کروائے گئے۔ عمراں خان تنقید بھی برداشت نہیں کرتا۔ اگر حکومت انتقامی کارروائی کرتی تو عمران خان آج جیل میں ہوتا۔ انتقامی کارروائی قطعاً نہیں ہے۔ جو میرٹ پہ چیزیں بنتی ہیں وہ اپنے وقت سے آئیں گی۔ دیگر کیسوں میں سیاسی بیانیہ تھا لیکن اس کیس میں تو برآمدگی ہوئی ہے۔ جب اپنے پاس کچھ نہیں بچا تو بات چیت پہ آگئے ہیں۔
عطا تارڑ

مزیدخبریں