سینٹ کا ہنگامہ خیز اجلاس جمعہ کو چئیرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہوا جس میں سینیٹر سرفراز بگٹی نے امیر قطر کو فیفا ورلڈ کپ کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد دینے کی قرارداد پیش کی جس میں امیر قطر کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ فیفا ورلڈ کپ کے قطر میں انعقاد کے حوالے سے منفی پراپیگنڈے اور قطر پر ہونے والی تنقید کی پرزور الفاظ میں مذمت کی گئی۔ بعدازاں فیفا ورلڈ کپ کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد دینے کی سینیٹر سرفراز بگٹی کی قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ قرارداد منظوری کے بعد جیسے ہی قائد حزب اختلا ف شہزاد وسیم کی جانب سے چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی سے بات کرنے کیلئے اجازت مانگی تو انہوں نے انکار کر دیا۔ ان کے انکار کے ساتھ ہی تحریک انصاف کے اراکین سینٹ احتجاج کرتے ہوئے اپنے بنچوں سے اٹھ گئے اور سینیٹر اعظم سواتی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے پر چئیرمین ڈائس کا گھیرائو کیا اور شدید نعرے بازی کی اور تحریک انصاف کے سینیٹرز نے بینرز اٹھا رکھے تھے۔