٭٭٭٭٭عدالتی خبریں٭٭٭٭٭

Dec 17, 2022

ملتان (سپیشل رپورٹر) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت ملتان نے لودھی کالونی گلگشت کے علاقے سے 21 سالہ نوجوان غضنفر عباس کو لاکھوں روپے تاوان کی غرض سے اغوائ￿  کرنے کے مقدمہ میں ملوث دو ملزمان شاہد رحمن اور رفیق کی درخواست ضمانت راضی نامہ کی بنیاد پر منظور کرلی  جبکہ اس مقدمہ میں گرفتار اشتہاری ملزم شمعون کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر 21 دسمبر کو پیش کیا جائے گا جبکہ اشتہاری ملزمہ مریم عرف لائبہ اب تک گرفتار نہیں ہوسکی۔
٭انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت ملتان نے خاتون کو تیزاب گردی کا نشانہ بنانے  تھانہ عبدالحکیم ضلع خانیوال کے مقدمہ میں ملوث ایک گرفتار ملزشکیل حسین جبکہ ضمانت پر ملزم  اللّٰہ دتہ  کی بریت کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے انہیں بری کرنے کا حکم دیا ہے۔
٭انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت ملتان نے نواں شہر چوک ملتان پر دن دیہاڑے فائرنگ کرنے کے مقدمہ میں گرفتار 8 ملزمان  عرفان، فرقان، عمران، سعید احمد، منصور احمد، اسجد علی ، فرحان اور یوسف کا جوڈیشل ریمانڈ منظور کرتے ہوئے جیل بھجوانے کا حکم دیا ہے۔ قبل ازیں فاضل عدالت میں پولیس تھانہ چہلیک کے مطابق ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ اور اقدام قتل سمیت امن و امان خراب کرنے کی دفعات شامل کی گئی۔  مقدمہ 14 نامزد ملزمان جبکہ 15  نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا۔
٭ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے لین دین کی ادائیگی کے لیے بوگس چیک دینے والے ملزم  مجاہد عباس کی عبوری ضمانت وکلا بحث کے بعد 50 ہزار کے ضمانتی مچلکوں کے عوض کنفرم کرنے کا حکم دیا ہے۔
٭ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے مرضی کی شادی کرنیوالی لڑکی  مریم فاطمہ کو ہراساں و پریشان کرنے سے متعلق درخواست پر ایس ایچ او تھانہ بہاؤ الدین زکریا کو ہراساں کرنے سے باز رہنے کا حکم دیا ہے۔
٭ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے خاتون کو اغواء کرنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم سعود کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 6 جنوری تک پولیس کے ذریعے گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
٭ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے چرس برآمد ہونے کے مقدمہ میں بار بار طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر ملزم  فضیل  کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے پولیس کو 18 جنوری تک گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔
٭ہائی کورٹ ملتان بنچ کے جج جسٹس محمد امجد رفیق خلیل احمد کی رٹ درخواست نمٹاتے ہوئے فریقین کو ہدایت کی کہ وہ علاقہ مجسٹریٹ کو دستاویزی ثبوت پیش کریں۔اور ایک ماہ میں تمام کاروائی کو مکمل کرائیں ۔
٭ہائی کورٹ ملتان بنچ کے جج جسٹس محمد امجد رفیق نے شہرسلطان کے محمد عرفان کی قتل کے مقدمہ میں عبوری ضمانت قبل از گرفتاری گیارہ جنوری تک منظور کرتے ہوئے پولیس سے ریکارڈ طلب کرلیا ہے اور ملزم کو 50 ہزار روپے مالیت کا مچلکہ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

مزیدخبریں