لاہور (کامرس رپورٹر ) صدر ایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ نے بتایا ہے کہ ایف پی سی سی آئی اور سائپرس چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے با ہمی تجارت، سرمایہ کاری، تجارتی فروغ کی سرگرمیوں، صنعتی تعاون اور دوطرفہ اقتصادی تعاون بڑھانے کے اپنی نوعیت کے پہلے معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں۔عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ ٹیکنالوجی ٹرانسفر، انڈسٹریلائزیشن اور امپورٹ سبسیٹیوشن ایف پی سی سی آئی کے وژن کا بنیادی حصہ ہیں کیونکہ پاکستان کیلئے اب یہ ناممکن ہے کہ درآمدات پر منحصر ایک ملک کے طور پر معیشت کو مزید پائیدار انداز میں چلایا جا سکے۔ ہمیں اپنے درآمدی بل، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے و تجارتی خسارے کو کم کرنے کیلئے اپنی درآمدات کو مقامی طور پر تیار کی جانے والی معیاری مصنوعات کے متبادل سے بدلنا چاہیے اور ایسے ہی بتدریج ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو سکتا ہے۔صدرایف پی سی سی آئی نے کہا کہ ایک چھوٹا ملک ہونے کے باوجود قبرص نے صنعتی بنیاد قائم کرکے اپنی معیشت کو کامیابی کے ساتھ متنوع بنایا ہے اور مختلف صنعتوں کو یورپی ٹیکنالوجی کے ساتھ لیس کیاہے۔مزید برآں، درآمدات کیلئے مزیدکسی دوسرے ملک پر توجہ مرکوز کرنے کے بجائے ایف پی سی سی آئی اور سائپرس چیمبر آف کامرس دونوں فریقوں کو وفود کے تبادلے، تجارتی میلوں و نمائشوں اور باقاعدہ انٹرایکٹو سیشنز کے ذریعے سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے مواقع تلاش کرنے کی ترغیب دیں گے۔ عرفان اقبال شیخ نے پاکستان میں پالیسی سازوں کی توجہ اس بات کی طرف مبذول کرائی کہ قبرص نے 2012 کے یورو زون کے مالیاتی بحران سے کیسے نمٹا اور مختلف معیشتوں کے ساتھ تعاون کے مختلف معاہدوں پر دستخط کرکے کاروبار کرنے میں آسانی کے انڈیکس کو کس طرح مضبوط کیا؛جن میں خاص طور پر 15 ممالک کے ساتھ دوہرے ٹیکس سے بچنے کے معاہدے شامل ہیں۔سنیئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی سلیمان چاؤلہ نے کہاکہ قبرص تین براعظموں کے سنگم یعنی یورپ، افریقہ اور ایشیا کے درمیان اپنے جغرافیائی محل وقوع کو عقل مندی سے استعمال کرتے ہوئے مالیاتی، جہاز رانی اور سیاحت کا مرکز بن گیا ہے۔سائپرس چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (CCCI) کے نائب صدرOthonas Theodoulou نے قبرص کی طرف سے معاہدے پر دستخط کیے اور اس بات پر روشنی ڈالی۔ کہ دونوں ممالک سیاحت، خوراک اور مشروبات کی پروسیسنگ، سیمنٹ اور جپسم مینوفیکچرنگ، بحری و تجارتی جہازوں کی مرمت اور اپگریڈیشن کے شعبہ جات، ٹیکسٹائل انڈسٹری، لائٹ کیمیکلز، دھاتی مصنوعات اور آئی ٹی خدمات کے شعبوں میں شراکت داری قائم کر سکتے ہیں۔
باہمی تجارت ، سرمایہ کاری ، صنعتی تعاون ، ایف پی سی سی آئی ، سائپرس چیمبر کے درمیان معاہدہ
Dec 17, 2022