فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) بلغاریہ ایمبسی فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے ساتھ ملکر وومن ایمپاورمنٹ اور خواتین کے کاروبار کو فروغ دینے اور ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ کیلئے کام کرے گا۔ بلغاریہ میں چیمبر آف کامرس کے ساتھ رابطہ بڑھانے اور B2Bمیٹنگز کیلئے سہولت فراہم کی جائے گی۔ یہ بات پاکستان میں تعینات بلغاریہ کی سفیر ارینا گانچیوا نے آج فیصل آباد وومن چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹر ی کا دورہ کے دوران ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بلغاریہ کے درمیان دو طرفہ تجارت بڑھانے کیلئے بہت سے مواقع موجود ہیں۔
جس میں کاروباری خواتین بہت زیادہ کردار اد ا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلغاریہ یورپی یونین کا ممبر ہے جبکہ پاکستان کو یورپی یونین سے جی ایس پی پلس کا Statusحاصل ہے۔ جس کے تحت خواتین کے کاروبار کی برآمدات خاص طور پر ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمد کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ فیصل آباد وومن چیمبر کے خواتین ممبران کے پراڈکٹس سے بے حد متاثر ہیں اور وہ بلغاریہ کو برآمد کر کے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ بلغاریہ مشرقی یورپ کے کراس روڈ پر واقع ہے جس سے مزید مارکیٹس میں برآمدات کی جا سکتی ہیں۔ پاکستان اور بلغاریہ کے درمیان ٹریڈ خسارہ کو برآمدی مصنوعات کی توسیع سے کم کیا جا سکتا ہے۔ جس میں سر فہرست ٹیکسٹائل ایکسپورٹس کو فروغ دیا جائے کیونکہ بلغاریہ اپنی ٹیکسٹائل کی ضروریات کا 50 فیصد درآمد کرتا ہے۔ بلغاریہ سفارتخانہ وومن کے ایونٹس کو زیادہ سے زیادہ آرگنائز کرنے میں سہولت پیدا کرے گا۔ اسی طرح بلغاریہ میں ہونے والے ٹریڈ فیئرمیں پاکستانی خواتین شمولیت اختیار کر سکتی ہیں۔ ٹورازم کا شعبہ دونوں ملکوں کے درمیان کافی پو ٹینشل رکھتا ہے۔ پاکستانی طلبہ کیلئے یوتھ ایکسچینج پروگرام بھی جلد ہی بہتر ہو جائے گا۔ انہوں نے سیلاب سے متاثرین کیلئے گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس سے قبل روبینہ امجد صدر فیصل آبا د وومن چیمبر نے فیصل آبادوومن چیمبر کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد وومن چیمبر نے خواتین کو ایک متحرک پلیٹ فارم مہیا کیا ہے۔ انہوں نے اپنے تمام وسائل اور کوششیں خواتین کے کاروبارکو فروغ دینے کیلئے صرف کر رکھی ہیں۔ بلغاریہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی حجم میں پاکستان کو کافی خسارہ کا سامنا ہے جسے کم کرنے کی ضرورت ہے۔ جس کیلئے خواتین کی مصنوعات کی برآمد سے کمی کی جا سکتی ہے۔ فیصل آباد وومن چیمبر نے پہلی دفعہ ملک میں وومن انکوبیشن سنٹر کا آغاز کیا جبکہ وومن کلسٹر اور ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر کے قیام کیلئے بھی کوششیں جاری ہیں۔ اس موقع پر نائب صدر ابیہ حامد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ جبکہ ڈاکٹرنجمہ افضل، کرسٹینا پیٹر، شازیہ شریف اور دوسری خواتین نے سوال و جواب کی نشست میں حصہ لیا۔