بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 2.89فیصد کمی


اسلام آباد(کامرس ڈیسک)ملک میں سیلاب اور معاشی سست روی کے باعث صنعتی سرگرمیاں بھی مانند پڑ گئیں۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں 4 ماہ کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 2.89 فیصد کمی آئی جبکہ اکتوبر میں 8 فیصد تک گر گئی۔وفاقی ادارہ شماریات نے لارج اسکیل مینوفیکچرنگ کی پیداوار سے متعلق رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق گزشتہ چار ماہ میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 2.89 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں لارج اسکیل مینو فیکچرنگ پونے 8 فیصد تک گر گئی، جبکہ چار ماہ کے دوران گاڑیوں کی پیداوار میں 31 فیصد سے زیادہ کمی آئی۔ایف بی ایس کے مطابق اکتوبر 2022 میں بڑی صنعتوں کی پیداوار 7.5 فیصد تک گری، جولائی تا اکتوبر 14 صنعتوں کی پیداوار میں کمی جبکہ 9 کی پیداوار میں اضافہ ہوا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جولائی تا اکتوبر گاڑیوں کی پیداوار میں 31 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، اس دوران مشینری کی پیداوار میں 37 فیصد، ادویہ سازی کی صنعت کی پیداوار میں 26 فیصد، لکڑی کی مصنوعات کی پیداوار میں 53 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ایف بی ایس کی رپورٹ کے مطابق ٹیکسٹائل سیکٹر کی پیداوار میں 8.82 فیصد کمی آئی، خوراک 6 فیصد جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار 18 فیصد کم ہوئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صنعتی سرگرمیوں میں کمی کی وجہ ملک میں آنے والے حالیہ سیلاب اور معاشی سرگرمیوں میں سست روی قرار دی گئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن