اسلام آباد(کامرس ڈیسک) گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ ہماری آخری منزل ایک جامع اسلامی مالی نظام ہے جو شریعت کے مقاصد اور اسٹیک ہولڈرز کی توقعات پر پورا اترے۔ اسلامک فنانشل سروسز بورڈ (آئی ایف ایس بی) کے 41 ویں کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جمیل احمد نے کہا کہ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف مکمل طور پر ان مقاصد سے ہم آہنگ ہیں، غربت میں کمی ہو یا مالی شمولیت، صحت یا تعلیم؛ ماحولیاتی تحفظ یا بنیادی ڈھانچے کی دستیابی؛ صنفی تنوع یا کم قیمت ہاو¿سنگ؛ سب 100فیصد مقاصدِ شریعہ سے ہم آہنگ ہیں۔ انہوں نے بینکوں کو مشورہ دیا کہ وہ اسلامی بینکاری کی غیر استعمال شدہ صلاحیت سے فائدہ اٹھائیں کیونکہ ملک میں اس کی بہت زیادہ مانگ ہے۔ انہوں نے بینکوں کے سی ای اوز اور صدور کو یقین دلایا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان اسلامی مالیات کے فروغ کے لیے مکمل طور پر مربوط پالیسی اور ریگولیٹری فریم ورک کے ذریعے ان کی حمایت جاری رکھے گا۔اس سے قبل، اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کچھ دیگر اعلیٰ سطح ضمنی تقریبات کی بھی میزبانی کی جس میں 'پائیدار ترقیاتی اہداف اور اسلامی مالی فلسفہ: آگے کا راستہ' پر 15 واں آئی ایف ایس بی پبلک لیکچر سیشن شامل تھا۔ اس عوامی لیکچر میں، معروف بین الاقوامی مقررین نے اس بارے میں قابل قدر خیالات کا اظہار کیا کہ کس طرح اسلامی مالیات کے اصول اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے ایجنڈے کو اپنانے میں مدد کر سکتے ہیں۔ ضمنی پروگراموں کے دوران اسٹیٹ بینک نے آئی ایف ایس بی کی شراکت سے بینکاری اور غیربینکاری شعبوں کے لیے استعداد کاری کی ایک ایک ورکشاپ کا اہتمام کیا۔ استعداد کاری کی ورکشاپس میں بینکوں اور غیر بینکنگ مالی اداروں کے 140 سے زیادہ اعلیٰ سطح کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ آئی ایف ایس بی کے بین الاقوامی ماہرین نے آئی ایف ایس بی کے جاری کردہ مختلف پروڈینشل معیارات پر تبادلہ خیال کیا۔گذشتہ برسوں کے دوران، اسلامی مالیات نے مختلف علاقوں میں بھرپور ترقی کی ہے۔ آئی ایف ایس بی کی عالمی اسلامی مالی خدمات کے استحکام کی رپورٹ 2022ءکے مطابق عالمی اسلامی مالی خدمات کی صنعت (اسلامی بینکاری، اسلامی کیپٹل مارکیٹس اور تکافل) کی مجموعی مالیت2020 میں 2.75 ٹریلین امریکی ڈالر سے بڑھ کر 2021ءمیں 3.06 ٹریلین امریکی ڈالر تک پہنچ گئی۔
پہلا عوامی لیکچر معروف بین الاقوامی اسلامی فنانس اسکالر چیف اکنامسٹ اسلامک ڈویلپمنٹ بینک ڈاکٹر سمیع ابراہیم السویلم نے دیا جبکہ بانی صدر اور سی ای او، میزان بینک عرفان صدیقی نے بھی اس موضوع پر 15ویں آئی ایف ایس بی پبلک لیکچر کے شرکاسے خطاب میں وضاحت کی کہ کس طرح پائیداری کے تصورات اسلامی تعلیمات میں داخلی طور پر گندھے ہوئے ہیں ۔