کراچی (نیوز رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ گولڈ مائنز پراجیکٹ ملک اور عوام کی تقدیر بدل سکتا ہے۔ نااہلوں کے ٹولے سے عوام کو نجات حاصل کرنا ہوگی۔ پاکستان کی انتظامیہ قدرتی وسائل کے نفع بخش استعمال میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ ہمارے انجینئرز باہر جا کر ناسا کے لئے کام کرتے ہیں لیکن اپنے ملک میں ان کے ٹیلنٹ کی کوئی قدر ہی نہیں ہے۔ملک کو عصبیت، اقربا پروری اور کرپشن کا گھن لگ گیا ہے۔ جب تک میرٹ کا نظام نافذ نہیں ہوگا ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ اگر پچھتر سال بعد بھی ہم معدنیات نکالنے کے قابل نہیں ہیں۔ اسٹیل مل اور ریکوڈیک پراجیکٹ نہیں چلا سکتے تو سوالیہ نشان تو بنتا ہے۔مغربی اقوام نے میرٹ کے نظام کو اپنا کر ترقی کی۔ ان کے ملک میں عصبیت قابل سزا جرم ہے۔ ہمارے ملک میں عصبیت پر مبنی کوٹہ سسٹم کو پارلیمنٹ تسلسل سے تحفظ دے رہی ہے۔ ایسی پارلیمنٹ کو اکھاڑ کر پھینک دینا چاہئے۔پی ڈی پی کے چیئرمین الطاف شکور نے مزید کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کو نظر انداز کرنا ملک کے لئے شدید خطرہ ہے۔ بلوچ منرل کرس کے بدترین شکار ہیں۔ عام بلوچ کی بات سنی جائے۔بلوچستان میں امن بندوق کی نوک پر قائم نہیں ہو سکتا۔ لوگوں کے ذہن میں پاکستانی اور زیادہ پاکستانی کے فرق کو عملی طور پر ختم کرنا ہوگا۔تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر بلوچستان کی صورت حال کا صحیح ادراک کریں۔اب ہمیں مسائل کو سنجیدگی سے اور گہرائی کے ساتھ سمجھنا ہوگا۔ بلوچستان کے مسئلے کا سیاسی حل نکالا جائے۔
گولڈ مائنز پراجیکٹ عوام کی تقدیر بدل سکتا ہے:الطاف شکور
Dec 17, 2022