اسلام آباد(نا مہ نگار) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی دعوت پر لیبیا کی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر فاوزی الطاہر النویری کی سربراہی میں پاکستان کا 6 روزہ دورہ کرنے والے 12 رکنی وفد نے پاکستان آرڈننس فیکٹری واہ کا دورہ کیا۔ لیبیا کے وفد کو پاکستان آرڈننس فیکٹری واہ کے حکام کی جانب سے ادارے کی کارکردگی اور ملکی دفاع کو مضبوط بنانے میں پی او ایف کے کردار سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفد کو بتایا گیا کہ یہ ادارہ افواج پاکستان کی 90 فیصد دفاعی ضروریات کو پورا کرتا ہے اور دنیا کے 40 ممالک کو دفاعی سازوسامان برآمد بھی کیا جاتا ہے۔ پی او ایف 14 دفاعی یونٹس پر مشتمل ہے، جس میں 26 ہزار سے زیادہ ورکرز، 6 سو انجینئرز شامل ہیں۔ پاکستان آرڈننس فیکٹری واہ کے حکام نے وفد کومزید بتایا کہ پی او ایف نے لیبیا میں قائم کی جانے والی آرڈننس فیکٹری میں تعاون کیا تھا۔ حکام نے اتفاق کیا کہ پاکستان لیبیا کی دفاعی ضروریات پوری کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ اس موقع پر لیبیا کے وفد کے ہمراہ سینیٹر برائے مہمان داری سینیٹر افنان اللہ خان بھی موجود تھے۔ لیبیا کے وفد کو پاکستان آرڈنینس فیکٹری واہ کے مختلف پیداواری یونٹس کا دورہ بھی کرایا گیا۔ لیبیا کے وفد نے پاکستان میں عالمی معیار کے مطابق تیار ہونے والے دفاعی سازوسامان کو سراہا۔
دورہ
ڈپٹی سپیکر لیبیا پارلیمنٹ کی سربراہی میں 12 رکنی وفد کاآرڈننس فیکٹری واہ کا دورہ
Dec 17, 2022