کراچی (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے 16دسمبر آرمی پبلک اسکول کے المناک واقعے کی برسی کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ 16 دسمبر ہمیں ہماری زندگی کے سب سے دردناک سانحہ کی یاد دلاتا ہے ، جب ہمارے پھول جیسے معصوم بچوں کو دہشتگردی کا نشانہ بناکر ظلم کی انتہا کی گئی ۔ پوری قوم آج بھی آرمی پبلک اسکول سانحہ کے درد اور اذیت کو محسوس کرتی ہے ، صوبائی وزیر نے کہا کہ سنگدل دشمن نے ننھے فرشتوں کے خلاف بربریت اور وحشیانہ کاروائی کی ، المناک واقعے میں شہادت کا مرتبہ حاصل کرنے والے طلبا و طلبات اور اساتذہ ہمارے قومی ہیرو ہیں ، انہوں نے کہا کہ والدین کی ہمت کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کرتے اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں ۔اس گھنانے واقعے کے بعد قوم متحد ہوئی اور پختہ عزم کے ساتھ دہشتگردی کا مقابلہ کیا ، پاکستانی قوم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ دنیا دہشتگردی کی جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور کاوشوں کو تسلیم کرے - دنیا کو دہشتگردی سے محفوظ بنانے کیلئے پاکستانی قوم اور افواج پاکستان سب سے آگے رہی ہیں ، شرجیل انعام میمن نے کہا کہ نفرتیں ، انتشار اور تعصب پھیلانے کی کوشش کرنے والے پاکستان دشمن عناصر کے خلاف قوم متحد ہے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف واضح موقف رکھا ہے ، ہر فورم پر دہشتگردی کے خلاف آواز بلند کی اور اس کے خاتمے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے ، شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آج بھی ضرورت ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عملدرآمد کیا جائے۔