حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایاکرتے تھے بندہ جو بھی نیک عمل کرتا ہے اسے روز حشر ترازومیں تولا جائے گا لیکن ’’لاالہ الااللہ ‘‘ وہ مبارک کلمہ ہے کہ اگرایک پلڑے میں اسے رکھا جائے اور دوسرے پلڑے میں ساتوں آسمان اور ساتوںزمینیں رکھ دی جائیں تو وہ پلڑا جھک جائے گا جس میں کلمہ طیبہ ہو گا۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اگر ’’لاالہ الااللہ‘‘ کہنے والاسچا ہوا تو اسکے سارے گناہ معاف کر دیے جاتے ہیں اگر وہ زمین کے ذرات کے برابر بھی ہوں۔حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاجس نے خلوص نیت کے ساتھ ’’لاالہ الااللہ ‘‘ پڑھا وہ جنت میں جائے گا۔ صحیح میں ہے کہ جس نے یہ کلمہ پڑھا تو گویا اس نے حضرت اسما عیل علیہ السلام کی اولاد میں سے چار غلام آزاد کیے۔
نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا جس شخص نے دن میں ایک بار یہ کلمات پڑھے ’’ سبحا ن اللہ وبحمدہ ‘‘ اسکے سارے گناہ معاف کر دیے جائیں گے اگرچہ وہ دریا کی جھاگ کے برابر بھی ہوں۔ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاجس نے ہر نماز کے بعد تینتیس بار ’’ سبحا ن اللہ وبحمدہ ‘‘ اور تینتیس بار ’’الحمد اللہ ‘‘ اور تینتیس بار ’’اللہ اکبر ‘‘ پڑھا پھر یہ کلمات پڑھ کر سو پورا کیا ’’ لاالہ الا اللہ وحدہ لا شریک لہ لہ الملک ولہ الحمدو ھو علی کل شئی قدیر ‘‘ اس کے جملہ گناہ بخش دیے جاتے ہیں اگردریا کی جھاگ کے برابر بھی ہوں۔ایک شخص حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں حاضر ہوا اور عرض کی یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم دنیا مجھ سے روگرداں ہو گئی ہے۔ افلاس اور فقرنے ڈیرے جما لیے ہیں۔ دولت و ثروت کی فراوانی کیسے ہو سکتی ہے۔
آپ ﷺ نے فرمایا تو ملائکہ کے اس ذکر اور مخلوق کی اس تسبیح کو کیوں بھول بیٹھا ہے جس کے طفیل ساری دنیا کو رزق دیا جاتا ہے۔ اس نے عرض کی یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم وہ کون سا ذکرہے ؟ تو آپؐ نے فرمایا: ’’سبحان اللہ العظیم ‘‘’’ سبحان اللہ وبحمدہ ‘‘،’’استغفراللہ ‘‘ہر روز صبح کی نماز سے پہلے پڑھا کرو۔ نہ چاہتے ہو ئے بھی دنیا کا رخ تیری سمت ہو جائے گا۔ اللہ تعالی ان کلمات میں سے ہر ہر کلمہ سے ایک فرشتہ پیدا فرمائے گا۔ جو قیامت تک اللہ کی تسبیح بیان کرتا رہے گا اور اس کا ثواب تجھے ملتا رہے گا۔
حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: با قیات صالحات یہ کلمات ہیں ’’ سبحان اللہ و الحمد للہ ولا الہ الا اللہ و اللہ اکبر ‘‘ آپؐنے فرمایا مجھے یہ کلمات گردش آفتاب کے نیچے ہر شے سے پسندیدہ ہیں۔ اللہ تعالی کو یہ کلمات انتہائی پیارے ہیں۔