لاہور(سپورٹس رپورٹر)نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی سابق کپتان بابر اعظم کو آرام دینا چاہتی تھی لیکن ڈائریکٹر قومی ٹیم محمد حفیظ بابر اعظم کی سپورٹ میں سامنے آگئے، انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں تجربے کی ضرورت پڑسکتی ہے۔تاہم شاداب خان کی مسلسل خراب پرفارمنس پر ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی انہیں ڈراپ کرنے پر متفق ہوگئی ہے۔ کمیٹی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو بھی آرام دے کر اعظم خان کو کھلانا چاہتی تھی تاہم ڈائریکٹر قومی ٹیم محمد حفیظ کی تجویز پر دونوں وکٹ کیپرز کو سیریز میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی شاداب خان کو ڈراپ کرنے پر متفق ہوگئی ہے ،ان کی جگہ ابرار احمد، اسامہ میر کو محمد نواز کیساتھ شامل کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔