پرتھ ٹیسٹ: پاکستانی بیٹرزناکام، 271پر آئوٹ، آسٹریلیا کی برتری 300رنز، 8وکٹیں باقی

Dec 17, 2023

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پرتھ ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن آسٹریلیا نے پاکستان کیخلاف دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 84 رنز بنا کر 300 رنز کی برتری حاصل کرلی۔ تیسرے دن کے اختتام پر آسٹریلوی بیٹر سٹیون سمتھ 43 اور عثمان خواجہ 34 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔اس سے قبل پاکستان ٹیم آسٹریلیا کے 487 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں 271 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی تھی‘پاکستان ٹیم فالوآن کاشکار ہوئی تاہم آسٹریلوی کپتان نے فالوآن کرنے کی بجائے خود بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی ۔پاکستان ٹیم کوآؤٹ کرنے کے بعد آسٹریلیا نے 216 رنز کی برتری کیساتھ دوسری اننگز کا آغاز کیا۔دوسری اننگز کے دوسرے ہی اوور میں خرم شہزاد نے ڈیوڈ وارنر کو صفر پر آؤٹ کردیا۔ دوسری وکٹ 5 رنز پر خرم شہزاد نے ہی حاصل کی، انہوں نے مارنس لابوشین کو 2 رنز پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔تیسرے دن پاکستان ٹیم نے اپنی نامکمل پہلی اننگز کا آغاز 2 وکٹ پر 132 رنز سے کیا تاہم ایک رن کے اضافے کے بعد پاکستان کی تیسری وکٹ گر گئی۔خرم شہزاد کو 7 رنز پر پیٹ کمنز نے بولڈ کیا۔چوتھی وکٹ 70.5 اوورز میں 181 رنز پر گری جب بابر اعظم 21 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ پانچویں وکٹ 192 رنز پر گری، امام الحق 62 رنز پر سٹمپ آؤٹ ہوئے۔ چھٹی وکٹ 195 رنز پر گری، سرفراز احمد کو 3 رنز پر مچل سٹارک نے بولڈ کیا۔تیسرے دن کے پہلے سیشن تک پاکستان نے 6 وکٹ پر 203 رنز بنائے تھے۔دوسرے سیشن میں پاکستان کی ساتویں وکٹ 230 رنز پر گری، سعود شکیل 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔آٹھویں وکٹ 241 رنز پر گری، فہیم اشرف 9 رنز پر آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ نویں وکٹ 258 رنز پر گری، عامر جمال کو 10 رنز پر نیتھن لائن نے آؤٹ کیا۔آخری وکٹ 271 رنز پر گری، شاہین آفریدی 4 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ آغا سلمان 28 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان ٹیم نے پہلی اننگز میں 101.5 اوورز بیٹنگ کی۔ دوسرے دن کے اختتام پر امام الحق 38 اور خرم شہزاد 7 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ دوسرے دن آسٹریلوی ٹیم کے 487 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز کا آغاز امام الحق اور عبداللہ شفیق نے کیا تھا تھا ۔ آسٹریلیا کے میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 2وکٹوں پر 84رنز بناکر مجموعی طور پر 300رنز کی برتری حاصل کرلی جبکہ 8وکٹیں باقی ہیں ۔ 

مزیدخبریں