کابل ( نوائے وقت رپورٹ) افغان وزارت داخلہ کے ترجمان عبد المتین قانع نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک سال میں افغانستان میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے تقریبا 40 ممبران کو گرفتار کیا گیا ہے۔ عبد المتین قانع نے افغان ٹیلی ویژن طلوع نیوز کو بتایا ہے کہ افغانستان میں اس وقت ٹی ٹی پی کے 35 سے 40 تک کے ممبران جیلوں میں بند ہیں۔افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے یہ نہیں بتایا کہ مبینہ طور پر گرفتار ہونے والے ٹی ٹی پی کے لوگوں میں کوئی رہنما بھی شامل ہے یا نہیں اور کیا گرفتار ہونے والوں کو پاکستان کے حوالے کیا جائے گا یا نہیں؟۔ جبکہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کسی طالبان اہلکار نے ٹی ٹی پی کے کسی رکن کو گرفتار ہونے کا دعوی کیا ہے۔ طالبان حکومت کا ابھی تک موقف یہی رہا ہے کہ ٹی ٹی پی کے لوگ افغانستان میں موجود نہیں ہیں جبکہ پاکستان نے بار بار کہا کہ ٹی ٹی پی کی قیادت افغانستان سے پاکستان میں حملوں کی پلاننگ کرتے ہیں۔ پاکستان نے بار بار ٹی ٹی پی کے رہنماؤں کو حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔