پاکستان ایتھوپیا سمیت افریقی ممالک سے تعلقات مضبوط بنانا چاہتا ہے: مرتضیٰ سولنگی

Dec 17, 2023

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ اے پی ایس کو گذرے 9 برس بیت گئے مگر بچھڑنے والوں کا غم آج بھی تازہ ہے۔ 16 دسمبر کا دن آرمی پبلک سکول کے شہداء کی عظیم قربانیوں کی ہمیشہ یاد دلاتا رہے گا۔ سانحہ اے پی ایس کے شہداء کی 9 ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بزدل شرپسند عناصر نے قوم کے مستقبل، نہتے کم سن بچوں پر حملہ کر کے انہیں شہید کیا۔ اس دن کو یاد کر کے کوئی اپنے آنسو نہیں روک سکتا۔ علاوہ ازیں مرتضی سولنگی نے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان ذرائع ابلاغ کے شعبے میں تعاون کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفیر جمال بکرسے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زوردیا کہ دیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کو میڈیا اور ثقافتی وفود کے تبادلوں کو فروغ دینا چاہیے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ دونوں ممالک صحافیوںکے وفود کے تبادلے کے ذریعے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ایتھوپیا سمیت افریقہ کے تمام ممالک کے ساتھ سفارتی ، سیاسی ، پارلیمانی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افریقی ممالک سے روابط بڑھاناپاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جزہے۔ دریں اثناء مرتضیٰ سولنگی نے معروف شاعرہ، مدیر و کالم نگار کشور ناہید کی عیادت کیلئے مقامی ہسپتال کا دورہ کیا۔ کشور ناہید سی ڈی اے ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ مرتضیٰ سولنگی نے کشور ناہید کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے کہا کہ کشور ناہید کی پاکستان کے ادبی حلقوں میں ممتاز حیثیت ہے۔ وہ نہ صرف سیاسی و سماجی حالات پر گہری نظر رکھتی ہیں بلکہ ان کی پاکستان کی جمہوریت کیلیے شاندار خدمات ہیں۔

مزیدخبریں