اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) انٹرا پارٹی انتخابات کا کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا۔ الیکشن کمشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق کیس کی کازلسٹ جاری کر دی۔ الیکشن کمشن کے مطابق پی ٹی آئی انٹرا پارٹی کیس کی سماعت 18 دسمبر کو ہو گی اور چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔ پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر علی ظفر اپنے حتمی دلائل دیں گے۔ الیکشن کمشن نے پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر اور پارٹی چیئرمین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ دوسری جانب الیکشن کمشن نے 19 دسمبر کو توہین الیکشن کمشن کا کیس بھی سماعت کیلئے مقرر کر دیا۔ عمران خان اور فواد چوہدری کیس کی سماعت 19 دسمبر کو اڈیالہ جیل میں ہو گی۔ علاوہ ازیں عام انتخابات 2024ء کا شیڈول جاری کرنے کے بعد الیکشن کمشن آف پاکستان نے ملک بھر میں پوسٹنگ اور ٹرانسفر پر مکمل پابندی عائد کر دی۔ الیکشن کمشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حکومتی و سرکاری اداروں میں ہر قسم کی ٹرانسفر اور پوسٹنگ پر مکمل پابندی ہے۔ الیکشن کمشن نے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی ٹرانسفر یا پوسٹنگ کیلئے معاملہ الیکشن کمشن کو بھیجا جائے گا جبکہ پوسٹنگ اور ٹرانسفر کی وجوہات بھی بتانا ہوں گی۔ دریں اثناء شفاف الیکشن کیلئے نگران وفاقی وزراء کو ہٹانے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی۔ الیکشن کمشن نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ‘ نگران وزیر فواد حسن فواد‘ مشیر احد چیمہ کو نوٹس جاری کر دیئے۔ الیکشن کمشن نے درخواست گزار کو بھی نوٹس جاری کر دیا ہے۔ درخواست پر الیکشن کمشن 19 دسمبر کو دن ایک بجے سماعت کرے گا۔ درخواست گزار نے مبینہ جانبدار وزراء کو نگران وفاقی کابینہ سے ہٹانے کی استدعا کر رکھی ہے۔
الیکشن کمشن نے تبادلوں پر پابندی لگادی، پی ٹی آئی الیکشن کیس کل سماعت کیلئے مقرر
Dec 17, 2023