آرمی پبلک سکول سانحہ نے دہشت گردی کیخلاف قوم کے عزم کو مضبوط کیا: وزیراعظم

Dec 17, 2023

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نو برس قبل دشمن نے ہمارے مستقبل، ہمارے چمن کی ننھی کونپلوں کو روند کر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اس قوم کے حوصلے پست کرنے کی ناکام کوشش کی۔ سانحہ آرمی پبلک سکول نے دنیا بھر کی آنکھیں نم کر دیں۔ پاکستانی قوم، وطن کے امن کو تباہ کرنے کا سوچنے والے تمام شرپسندوں کو جہنم واصل کرنے تک اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے سانحہ آرمی پبلک سکول کی نویں برسی پر اپنے پیغام میں نگران وزیر اعظم نے کہا کہ نو برس پہلے آج کے دن دہشتگردوں نے آرمی پبلک سکول پشاور پر بزدلانہ حملہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ یہ ایک ایسا سانحہ تھا جس نے دنیا بھر کی آنکھیں نم کر دیں۔ آج بھی جب اس دن کو یاد کرتا ہوں تو آنکھیں اشکبار ہو جاتی ہیں، نو برس قبل دشمن نے ہمارے مستقبل، ہمارے چمن کی ننھی کونپلوں کو روند کر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اس قوم کے حوصلے پست کرنے کی ناکام کوشش کی۔ آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحہ عظیم نے اس قوم کے عزم کو مضبوط تر کیا۔ پوری قوم کی ہمدردیاں ان والدین کے ساتھ ہیں جن کے بچوں نے اس سانحے میں عظیم قربانی دی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم اپنے پھول سے بچوں کی اس عظیم قربانی پر آج انہیں یاد کرتی اور خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ پرنسپل آرمی پبلک سکول شہید طاہرہ قاضی اور دیگر نہتے اساتذہ اپنے طالب علموں کو بچانے کیلئے ان درندوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر ڈٹے رہے اور جام شہادت نوش کیا۔ آج کا دن ان عظیم شہیدوں کی عظیم قربانی کو یاد کرنے کا بھی دن ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ انسانی تاریخ میں قربانی کی ایسی تابندہ مثالیں بہت کم ملتی ہیں۔ پاکستانی قوم دہشتگردی کی جنگ جیت چکی ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم نے دشمن کے پاکستان میں شر انگیزی اور انتشار پھیلانے کے تمام حربے ناکام کر دیئے، جس قوم میں شہید طاہرہ قاضی اور شہید اعتزاز حسن جیسے نڈرلوگ دوسروں کو بچانے کیلئے اپنی جان کی بھی پرواہ نہ کریں۔ اس قوم کو بزدل دہشتگرد کبھی ہرا نہیں سکتے۔ نگران وزیرِ اعظم نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے ان عظیم شہداء اور ان کے اہلِ خانہ پر فخر ہے، پوری قوم سانحہ آرمی پبلک سکول کی یاد میں غم زدہ ضرور ہے مگر پہلے سے زیادہ مضبوط اور اس عفریت کے خلاف متحد ہے۔

مزیدخبریں