لاہور (رپورٹ: چودھری اشرف) قومی اسمبلی کا حلقہ 124 دیہی و شہری حلقوں سے ملحقہ انتخاب ہے۔ جس میں مغلپورہ، مصطفٰی آباد، ریلوے کالونی، فتح گڑھ، ہربنس پورہ، سلامت پورہ، داروغہ والا، شادی پورہ اور ان سے ملحقہ آبادیوں پر مشتمل ہے۔ آنے والے الیکشن میں قومی اسمبلی کے حلقہ 124 میں پاکستان مسلم لیگ ن کے شیخ روحیل اصغر کو پاکستان پیپلز پارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن چودھری اعتزاز احسن کی اہلیہ بشریٰ اعتزاز کے ساتھ ساتھ پاکستان تحریک انصاف کے ولید اقبال یا جمشید اقبال چیمہ کا سامنا ہوگا۔ 2008ءکے جنرل الیکشن میں اس حلقہ سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے شیخ روحیل اصغر نے بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کی تھی۔ 2008ء میں اس حلقہ میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 2 لاکھ 75 ہزار 697 تھی جس میں سے شیخ روحیل اصغر نے 71 ہزار 342 ووٹ۔ پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے ایاز عمران 23 ہزار 412 ووٹ کے ساتھ دوسرے جبکہ مسلم لیگ ہم خیال کے ہمایوں اختر خان 10 ہزار 881 لیکر تیسرے نمبر پر رہے۔ 2013ءکے عام انتخابات کیلئے پیپلز پارٹی نے اس حلقے سے مضبوط امیدوار میدان میں اتارنے کا فیصلہ کرتے ہوئے بیگم بشریٰ اعتزاز کو اپنی امیدوار نامزد کرنے کا فیصلہ ہے جبکہ اس حلقہ میں تحریک انصاف نے بھی کام شروع کر رکھا ہے تاحال پی ٹی آئی اس بات کا فیصلہ نہیں کر سکی کہ قومی اسمبلی کے حلقہ 124 سے ولید اقبال یا جمشید اقبال چیمہ میں سے کس کو میدان میں اتارنا ہے۔ 2002ءمیں پرویز مشرف کے دور میں اس حلقہ سے پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے چودھری اعتزاز احسن نے 27 ہزار 72 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ مسلم لیگ ن کی قیادت کے ملک سے باہر ہونے کی وجہ سے لیگ کا کوئی امیدوار میدان میں نہیں تھا جبکہ مسلم لیگ ق کے خرم روحیل اصغر نے 23 ہزار 110 اور متحدہ مجلس عمل کے علامہ محمد عابد جلالی نے 23 ہزار 974 ووٹ حاصل کئے تھے 2002ءمیں تحریک انصاف کی سیٹ پر طارق محمود چودھری نے الیکشن لڑا انہیں 1204 ووٹ ملے تھے اسی طرح پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 145 لاہور اور پی پی 146 لاہور سے مسلم لیگ ن کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کی تھی۔ حلقہ پی پی 145 میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد ایک لاکھ 34 ہزار 801 تھی جس میں سے مسلم لیگ ن کے محمد نوید انجم نے 30 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کئے جبکہ پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے ملک شاہد امتیاز 13 ہزار 394 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ حلقہ پی پی 146 میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار 896 تھی جس میں سے 35 ہزار ووٹ لیکر پاکستان مسلم لیگ ن کے اللہ رکھا کامیاب ہوئے۔ پیپلز پارٹی کے حاجی محمد اعجاز نے ساڑھے تیرہ ہزار ووٹ حاصل کئے۔
این اے 124