اسلام آباد (آن لائن) الیکشن کمشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے دوران سکیورٹی انتظامات سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس دوران پاکستان افغانستان سرحد بھی بند رکھی جائے گی جبکہ بیرون ملک سے آئے ہوئے غیر ملکی مبصرین کو قبائلی علاقوں کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ افغان مہاجرین کی نقل و حرکت پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔ کابینہ ڈویژن اور صوبائی حکومتیں الیکشن کمشن کو نگرانی کیلئے گاڑیاں اور ہیلی کاپٹر بھی فراہم کریں گی جبکہ چیف الیکشن کمشنر اور سیکرٹری الیکشن کمشن عام انتخابات کے دوران جس حلقے کی چاہیں گے فضائی نگرانی کر سکیں گے۔ ان باتوں کا فیصلہ الیکشن کمشن کے خصوصی اجلاس میں کیا گیا جس میں چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم کے علاوہ دیگر ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ کسی کو انتخابات کے دوران خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جو بھی امن و امان میں خلل ڈالے گا اس کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا الیکشن میں حصہ لینے والے لوگوں کو اس بات کا سختی سے پابند بنایا جائے گا کہ وہ الیکشن کمشن کے قواعد و ضوابط اور ضابطہ اخلاق کی سختی سے پابندی کریں گے ۔ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمشن نے فیصلہ کیا ہے ۔پولنگ بوتھ سمیت تمام جگہوں پر اسلحہ کے حوالے سے سخت پابندی ہوگی اور اسلحہ لے کر چلنا اور کسی کو اس حوالے سے ہراساں کرنے پر سخت اقدامات کئے جائیں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ایسے تمام پولنگ سٹیشن جو حساس ہیں ان میں فوج‘ ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تعینات کیا جائے گا۔
الیکشن کمشن