وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ مذاکرات کی کامیابی کیلئے طالبان فوری طور پر جنگ بندی کا اعلان کریں۔ حملوں سے مذاکرات متاثر ہوں گے۔ نوشہرہ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت مذاکرات کے حوالے سے صوبائی حکومت کو اعتماد میں لے رہی ہے۔ وزیر داخلہ چودھری نثار کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں، یہ وقت پوائنٹ سکورنگ کا نہیں۔ ثناء نیوز کے مطابق پرویز خٹک نے کہا ہے کہ امن کے قیام کیلئے سب کا مطالبہ ہے کہ طالبان فوری طور پر جنگ بندی کا اعلان کریں۔ طالبان کی جانب سے خودکش دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرنے سے امن مذاکرات کے سبوتاژ ہونے کا خدشہ ہے۔ طالبان کمیٹی میں ہمارے اتحادی جماعت اسلامی کے صوبائی امیر پروفیسر ابراہیم شامل ہیں۔ دونوں کمیٹیاں بھی صوبائی حکومت کو اعتماد میں لے رہی ہیں۔ ملک انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے۔ جنگ بندی ہو گی تو تب بات آگے بڑھے گی۔