دبئی (ثناء نیوز) متحدہ عرب امارات کے ذرائع ابلاغ کے مطابق حکومت نے ملک کی شارجہ اور عجمان یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم کویت کے آٹھ طلبا کو "غیر قانونی" سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں ملک سے نکلنے کا حکم دیا ہے۔یو اے ای کی سرکاری خبر رساں ایجنسی"وام" نے وزارت تعلیم کے ایک ذمہ دار ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ یونیورسٹیوں سے فارغ کئے گئے طلبا پر غیر قانونی طور پرفنڈز جمع کرنے، بغیر اجازت یونین قائم کرنے اور طلبا کے ہاسٹل میں خلاف قانون اجتماعات منعقد کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کویت سمیت کسی بھی دوسرے خلیجی ملک کے طلبا کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کو اپنا اخلاقی فریضہ سمجھتا ہے تاہم خلاف قانون سرگرمیوں میں حصہ لینے والے طلبا کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہے۔