لندن (نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز) کراچی میں ہونیوالے سانحہ بلدیہ ٹائون کیخلاف تحریک انصاف کے کارکنوں نے لندن میں برطانوی وزیراعظم کی رہائشگاہ 10 ڈاوننگ سٹریٹ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں سانحہ کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا گیا۔ مظاہرے میں برطانیہ بھر سے آئے پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ایم کیو ایم کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ جارج گیلوے نے کہا تھا کہ برطانیہ سمیت تمام ممالک کو دہشت گردی کے حوالے سے قوانین کے حوالے سے عملدرآمد کرنا چاہئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کسی بھی فرد یا جماعت کو جو پاکستان میں ہے، بے چینی پھیلانے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے نہ صرف کراچی بلکہ پورے پاکستان میں دہشت گردی کی وارداتیں ہورہی ہیں اور معصوم لوگ مارے جا رہے ہیں، حکومت اگر سنجیدہ ہو تو حالات ٹھیک ہوسکتے ہیں۔ دریں اثنا نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے کہا کہ 260 سے زائد افراد کے مارے جانے سے زیادہ سنگین معاملہ اور کیا ہوسکتا ہے، سانحہ بلدیہ ٹائون کا مقدمہ فوجی عدالت میں بھجوایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف نیشنل ایکشن پلان بن چکا جس پر عملدرآمد کی ضرورت ہے۔ حکومت دہشت گردوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ این اے 122 کی رپورٹ میں بے شمار بے قاعدگیاں سامنے آئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایک شخص نے 22 پولنگ سٹیشنوں کے ووٹوں پر دستخط کئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جاننا چاہتے ہیں کہ ووٹ صحیح لوگوں نے ڈالے یا بعد میں ڈالے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمشن کی تشکیل کا مقصد الزامات کی تحقیق ہے۔ حکومت چوری کی نہیں عمران کے الزامات کی تحقیق کرانا چاہتی ہے۔