ژوب: پولیو ٹیم کی بازیابی کیلئے سرچ آپریشن جاری‘ جھڑپ میں مزید 7 دہشت گرد ہلاک

 ژوب+ اسلام آباد+ پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) ژوب سے اغوا کئے گئے پولیو ٹیم کے اہلکاروں کی بازیابی کیلئے گزشتہ روز بھی سرچ آپریشن کیا گیا۔ ذرائع ایف سی کے مطابق سرچ آپریشن میں 250 ایف سی اہلکاروں نے حصہ لیا۔ ایف سی اور لیویز کو ہیلی کاپٹرز کی مدد بھی حاصل تھی۔ سرچ آپریشن کے دوران جھڑپ میں مزید 7 دہشت گرد مارے گئے تاہم مغویوں کو تاحال بازیاب نہیں کرایا جاسکا۔ سکیورٹی فورسز ذرائع کے مطابق مغویوں کی بازیابی تک سرچ آپریشن جاری رہیگا۔ ادھر بخشا پور کشمور میں پولیس نے کارروائی کرکے 4 مارٹر گولے برآمد کر لئے جنہیں ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پشاور میں سکیورٹی اداروں نے رحمان بابا قبرستان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر بم کو ناکارہ بنا دیا۔ سکیورٹی حکام کے مطابق بم ریموٹ کنٹرول تھا اور ڈیڑھ کلو بارودی مواد نصب کیا گیا تھا۔ رحمان بابا قبرستان میں مقامی شخص کی تدفین ہونی تھی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کرنا تھی۔ علاوہ ازیں کوہاٹ میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر کے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے جبکہ انسداد پولیو مہم کے دوران سکیورٹی پلان کے تحت 640 پولیس اہلکار تعینات کر کے حفاظتی انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی۔ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور لائوڈ سپیکر کے بے جا استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں اسلام آباد پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 15 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ ادھر ماڈل ہائی سکول واہ کینٹ میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام  بنا دیا گیا۔ اطلاع پر سکیورٹی حکام موقع پر پہنچ گئے، بم ڈسپوزل سکواڈ نے موقع پر پہنچ کر ایک کلو وزنی خود ساختہ بم ناکارہ بنا دیا۔ مال روڈ پر واقع ایف جی ماڈل ہائی سکول کی حفاظتی دیوار کے ساتھ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر میں سکول کے بچوں کو ایک مشکوک شاپر نظر آیا۔ مشکوک شاپر کی جانچ کیلئے بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کر لیا گیا جنہوں نے موقع پر پہنچ کر خود ساختہ بم جس کا وزن ایک کلو بتایا جاتا ہے کو ناکارہ بنا دیا۔ ادھر چھتر کے علاقے میں سڑک کنارے نصب بم کو دھماکے سے اڑا دیا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، موقع پر پہنچنے والے ایس ایچ او کی گاڑی پر فائرنگ کئی گئی، جوابی فائرنگ سے ملزمان فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق نصیرآباد کی تحصیل چھتر کے گوٹھ غلام حیدر کے قریب سڑک کے کنارے نصب ریموٹ کنڑول بم کی اطلاع پر ایس ایچ او چھتر غلام سرور پولیس نفری کے ہمراہ پولیس موبائل پرجائے وقوعہ پر جارہے تھے کہ گھات لگائے مسلح افراد نے فائرنگ شروع کردی پولیس نے جوابی فائرنگ کی تو ملزمان نے سٹرک کے کنارے نصب ریموٹ کنڑول بم کا دھماکہ کردیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر گورنمنٹ گرلز سکول منڈی یزمان میں حساس ادارے کی وردی میں ملبوس تین مشکوک افراد داخل ہوئے اور بچوں کے کوائف لینے کی ناکام کوشش کی شک گزرنے پر پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔علاوہ ازیں نصیر آباد کے علاقے پھلیجی میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے تین راکٹ فائر کئے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق راکٹ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...