اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+ آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے سانحہ بلدیہ ٹائون کے مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے حکومت کی قربانی دینی پڑی تو دیں گے، کراچی اجلاس میں سانحہ بلدیہ ٹائون کو بھی اتنا وقت دیا جتنا نیشنل ایکشن پلان کو دیا، عمران خان کی سوچ میں اچھی تبدیلی آئی، خواہش ہے تحریک انصاف پارلیمنٹ میں آئے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام اور صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا بلدیہ ٹائون واقعہ میں ملوث ملزمان کو سزا ملنی چاہئے، چاہے ان کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو۔ انہوں نے کہا ہم سانحہ بلدیہ ٹائون کے مجرموں کو سزا دلوانے میں کوئی سیاسی مصلحت نہیں دیکھ رہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا بیلٹ پیپرز کی اردو بازار سے چھپائی اور تقریر والے الزامات کو جوڈیشل کمشن میں لے جاتے ہیں جب عمران تاخیری حربے استعمال کریں گے تو خود تاخیر کا سبب بنیں گے۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کے رہنما اسحاق خاکوانی دھاندلی سے متعلق اپنا موقف سپریم کورٹ میں لے کر گئے تو سپریم کورٹ نے بھی اس کی درخواست مسترد کر دی کہ اس کے پاس کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہے۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق انہوں نے کہا سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کے خلاف تمام جماعتیں متحد ہیں۔ بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) مکمل ڈسپلن میں ہے۔ بلوچستان میں ثناء اللہ زہری جنہیں سینٹ کے لئے نامزد کریں گے، وہی ہمارے امیدوار ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا اُمید ہے آئندہ پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں اچھا کھیلے گی۔ ہماری ٹیم اب ہاری تو کیا، پہلے جیتی بھی تو ہے۔ صحافیوں نے سوال کیا بھارت سے شکست پر آپ کیا کہتے ہیں تو انہوں نے جو اب دیا میں کرکٹ میں اتنا ماہر نہیں ہوں۔ خان صاحب سے جواب پھر پوچھیں خان صاحب ہمیشہ گلہ کرتے ہیں عدالتی فیصلے وقت پر نہیں ہو رہے۔ عمران خان نے عدالتی فیصلہ آنے کے وقت ایک نئی درخواست دے دی ہے۔ بدقسمتی ہے کرکٹ سمیت دیگر بین الاقوامی ٹورنامنٹ پاکستان میں نہیں ہو رہے۔