لاہور (کلچرل رپورٹر) فلمسٹار لیلیٰ نے کہا کہ مجھے یہ اعزاز حاصل ہے کہ 2015ءمیں پاکستان کی جو پہلی فلم ریلیز ہوئی ہے وہ میری ہے۔ فلم ”لاہوریا اور پشاوریا“ ہدایت کار سنگیتا نے بنائی ہے اور اس فلم میں میرے علاوہ شان، ثنا اور ارباز خان نے کام کیا۔ یہ فلم لوگوں نے پسند کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”نوائے وقت“ کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث افسوس ہے کہ سال 2015ءکا دوسرا مہینہ گزر رہا ہے لیکن ابھی تک پاکستان کی صرف ایک فلم ریلیز ہوئی ہے اس کے مقابلے میں بھارت کی فلمیں ہر ہفتے ریلیز ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اچھی فلمیں جب بھی بنی ہیں وہ لوگوں نے پسند کی ہیں۔ فلم نامعلوم افراد، سلطنت، وار اور میں ہوں شاہد آفریدی اچھی فلمیں تھیں اور لوگوں نے پسند کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فلمیں کم تعداد میں بن رہی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اچھے موضوعات پر زیادہ تعداد میں فلمیں بنائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے فلموں کے علاوہ سٹیج ڈراموں میں بھی کام کیا ہے۔ میرے پرستاروں نے میری پرفارمنس سٹیج ڈراموں میں بھی پسند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیج ڈراموں میں پرفارمنس زیادہ مشکل ہوتی ہے کیونکہ سٹیج ڈرامہ میں لائیو پرفارمنس ہوتی ہے۔
2015ءمیں پہلی فلم میری ریلیز ہوئی : لیلیٰ
Feb 17, 2015