پاکستان سپر لیگ: آخری گیند پر فیصلہ، لاہور قلندرز201 رنز کر کے بھی کوئٹہ سے ہار گئی

لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپرلیگ کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2وکٹوں سے شکست دیدی۔لاہور قلندرز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے، کرس گیل، اظہر علی اور عمر اکمل کی جاندار بلے بازی، تینوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں بنائیں۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ لاہور قلندرز کی جانب سے کرس گیل اور اظہر علی نے اننگز کا بھرپور طریقے سے آغاز کیا۔ پی ایس ایل کے مقابلوں میں اپنی کارکردگی کے جوہر نہ دکھا پانے والے کرس گیل کا آج خوب بلا چلا۔ انہوں نے اظہر علی کے ساتھ مل کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بائولرز کی خوب درگت بنائی اور ٹیم کے سکور کو 100 رنز تک پہنچایا۔ تاہم ابھی کرس گیل کے بلے سے رنز اگلنے کا سلسلہ جاری تھا کہ ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں انھیں اپنی وکٹ گنوانا پڑ گئی۔ ذوالفقار بابر کی گیند پر احمد شہزاد نے ان کا خوبصورت کیچ لیا۔ کرس گیل نے صرف 34 گیندوں پر چھ چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ لاہور قلندرز کے 142 رنز کے سکور پر دوسری وکٹ گری۔ اظہر علی 61 رنز بنا کر باؤنڈری کے نزدیک کیچ آؤٹ ہوئے۔ ایلیٹ کی گیند پر انور علی نے ان کا کیچ پکڑا۔عمر اکمل نے بھی جاحانہ بلے بازی کی اور25گیندوں پر55رنز بنائے ۔ ان کی اننگز میںچار چھکے اور چار چوکے شامل تھے ۔ ڈیوائن براوو سترہ گیندوںپربیس رنز بناکر نمایاں رہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ہدف 8وکٹوں کے نقصان پرپور اکرلیا۔بسم اللہ خان نے 55‘کیون پیٹرسن نے 34‘سنگاکارا نے 37‘ سرفرازا حمد نے 21‘ محمد نبی نے بارہ گیندوںپر 30رنز بنائے ۔احسان عادل نے چار‘براوو نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ لاہور قلندرز نے پی ایس ایل کا سب سے بڑا مجموعہ سجایا مگر اسی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 203رنز بناکر ان کا ریکارڈ توڑدیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو آخری اوور میں 15 رنز درکار تھے جو اس نے آخری گیند پر پورے کرلئے۔ محمد نبی نے آخری گیند پر چوکا لگا کر ہدف حاصل کیا۔ بسم اللہ خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن