قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام، 2 ملزم جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

لاہور + اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے+ نامہ نگار ) احتساب عدالت نے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے اور عوام سے فراڈ کے دو ملزمان کو 14روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا ۔نیب اہلکاروں نے قومی خزانے کو 1520ملین روپے کا نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار حق باہو شوگر ملز کے ڈائریکٹر و چیف ایگزیکٹو ریاض قدیر بٹ اور عوام سے 229.553ملین روپے کے فراڈ کے الزام میںگرفتارسٹاک ماسٹر سکیورٹیز کے عبد القیوم چشتی کو احتساب عدالت میں پیش کیا جہاں نیب کے وکلاء نے دستاویزی ثبوت پیش کرنے اور دلائل کے ساتھ14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو نیب کے حوالے کر دیا ۔نیب کے مطابق ریاض قدیر بٹ نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو چینی فراہمی کا معاہدہ کیا لیکن رقم وصول کرنے کے باوجود معاہدے کی پاسداری نہیںکی جس سے قومی خزانے کو 1520ملین روپے کا نقصان پہنچایا گیا ۔اسی طرح ملزم عبد القیوم چشتی کے خلاف فراڈ کی 623درخواستیں موصول ہونے پر ان کی جانچ پڑتال کے بعد کارروائی کی گئی۔ ملزم نے شیئر ز ہولڈرز کے علم میں لائے بغیر انہیں فروخت یا ان کی رقم سے دوسری جگہ سرمایہ کاری کر دی۔ دریں اثنا نیب راولپنڈی نے لیک وسٹا ریذیڈنشیا موضع عبداﷲ راولپنڈی ہائوسنگ اسکینڈل کے دو ملزموں ملک محمد اعظم اور خالد شاہ کو گرفتار کرنے کے بعد احتساب عدالت میں پیش کر کے مزید تفتیش کیلئے جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔ نیب راولپنڈی کو اب تک 53 شکایات موصول ہو چکی ہیں۔ نیب کے جعلی افسر بن کر رقم مانگنے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ نیب اعلامیہ کے مطابق ملزمان نے ایک ٹھیکیدار سے انکوائری ختم کرانے کے نام پر 3 کروڑ روپے مانگے تھے ملزم دو لاکھ روپے ٹوکن رقم وصول کرتے ہوئے پکڑے گئے۔

ای پیپر دی نیشن