ننکانہ صاحب (نامہ نگار) حکومت کی طرف سے مقررکردہ اجرت مانگنے پر بھٹہ مالک کا مزدوروں پر تشدد‘ 2 مزدور زخمی ہو گئے۔ بااثر ملزمان کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر ساتھیوں نے ڈی پی او آفس کے سامنے شدید احتجاج کیا۔ تحصیل سانگلہ ہل کے محلہ معراج پورہ میں واقع موسیٰ خان بھٹے پر کام کرنے والے مزدوروں نے موسیٰ سے مطالبہ کیا کہ حکومتی مقررکردہ نرخوں کے مطابق اینٹیں بنانے کا معاوضہ دیا جائے جس پر وہ مشتعل ہو گیا اور مسلح ساتھیوں کے ہمراہ گھر جناح کالونی آکر تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا جس سے دو مزدور فضل کریم اور پرویز مسیح شدید زخمی ہو گئے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رانا ایاز سلیم نے متاثرہ مزدوروں کو دفتر بلا لیا اور انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔