لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مودی کے دور حکومت میں کشمیری مسلمانوںکی طرح بھارت میں بھی اقلیتوں پر بدترین مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، اعتدال پسند ہندو بھی بی جے پی سرکار کا متعصبانہ انداز برداشت نہیں کر رہے۔ افضل گوروکا یوم شہادت منانے پر نہتے طلباء پر تشدد اور بغاوت کے مقدموں سے بھارت کے نام نہاد سیکولر ازم کا پردہ چاک ہو گیا ہے۔ حکومت پاکستان کشمیریوں کے قتل عام کا مسئلہ بین الاقوامی سطح پر بھرپور اندازمیں اٹھائے، مظلوم کشمیریوں کی مدد و حمایت کرنا ہم سب پر فرض ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ انہوں نے کہاکہ نریندر مودی آر ایس ایس کا پروردہ شخص ہے جو ہندوستان میں ہندوتوا کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے ہر قسم کے وسائل خرچ کر رہا ہے۔ انڈیا میں اس وقت صرف مسلمان ہی نہیں خود نچلی ذات کے ہندو اور دیگر اقلیتیں بھی محفوظ نہیں ہیں۔ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اس وقت پوری قوت سے جاری ہے۔ ہر شہر اور گلی کوچے میں پاکستانی پرچم لہرائے جارہے ہیں جس پر ہندوستانی حکومت سخت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ بی جے پی حکومت کی پوری کوشش ہے کہ کسی طرح یہاں آبادی کے تناسب کو تبدیل کیا جائے تاکہ اس مسئلہ کو ہی سرے سے ختم کیا جا سکے۔ اس کیلئے وہ بڑی تعداد میں سابق فوجیوں کو کشمیر آباد کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں اور انہیں طرح طرح کی مراعات دینے کے لالچ دئیے جا رہے ہیں لیکن ماضی کی طرح بھارت سرکارکی یہ سازشیں بھی کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گی۔