خانیوال (نمائندہ نوائے وقت) دو نوجوان رشتہ دار جوڑے کی پراسرار خودکشی، لڑکے نے پھندہ گلے میں ڈال کر جبکہ لڑکی نے چلتی ٹرین کے سامنے کود کر خود کشی کر لی۔ خود کشی کی وجہ سامنے نہ آسکی۔ ذرائع کے مطابق دونوں خالہ زاد کزن ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے اور شادی کرنا چاہتے تھے۔ تفصیل کے مطابق گلبرگ کے رہائشی نوجوان محمد شہزاد نے گھر صبح کے وقت گلے میں پھندہ ڈال کر خود کشی کر لی۔ نوجوان کی موت کی خبر علاقہ سمیت پورے شہر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ نوجوان شہزاد کی موت کی خبر جیسے اس کی خالہ زاد کزن 22 سالہ ثمرین سعید نے سنی تو مشتاق کالونی کے پاس کراچی سے لاہور جانے والی تیز گام ایکسپریس ٹرین کے سامنے آگئی۔ تیز رفتار ٹرین کی ٹکر سے ثمرین شدید زخمی ہوگئی جس کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ خالق حقیقی سے جا ملی۔ ذرائع کے مطابق دونوں نوجوان خالہ زاد کزن ایک دوسرے کو پسند کرتے اور شادی کے خواہشمند تھے جبکہ پولیس رپورٹ کے مطابق مرنے والا نوجوان جو آپس میں رشتہ دار ہیں تاہم ان کے لواحقین ان کی خودکشی کی وجہ بتانے سے گریزاں ہیں۔
خودکشیاں