لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمدطاہر القادری نے کہا ہے پشاور میں ججز پر حملہ بادی النظر میں صرف دہشتگردی کا واقعہ نہیں، اس حملہ کے ذریعے کسی کو خاص پیغام دیا گیا ہے۔ پانامہ لیکس کیس کی سماعت کرنے والے ججز اپنی سکیورٹی کا خیال رکھیں اور کیس کے فیصلے تک سپریم کورٹ کی عمارت کی حفاظت کےلئے فول پروف اقدامات کئے جائیں۔ جائیداد کی رجسٹریاں سنبھال کر رکھنے والوں نے کمائی کا حساب کتاب کیوں نہیں رکھا۔ سپریم کورٹ میں شریف خاندان کی طرف سے پیش کئے جانیوالے مزاحیہ دلائل کامیڈی شوز کی ریٹنگ متاثر کر رہے ہیں۔ وہ گزشتہ روز عوامی تحریک کے مرکزی رہنماﺅں سے ٹیلی فون پر خطاب کرر ہے تھے۔ اس موقع پر خرم نواز گنڈا پور، بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، جی ایم ملک، نور اللہ صدیقی، ساجد محمود بھٹی، جواد حامد موجود تھے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ایک فیصلہ قانون کی عدالت کا آنا ہے مگر ایک فیصلہ عوام کی عدالت کا ہے جو آ چکا ہے ہر زبان پر ہے کہ شریف برادران نے ملک لوٹا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ قوم پانامہ کے چوروں اور سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچتے ہوئے دیکھنا چاہتی ہے۔
طاہر القادری
ججز پر حملہ خاص پیغام ہے، سپریم کورٹ کی حفاظت کےلئے فول پروف اقدامات کئے جائیں: طاہرالقادری
Feb 17, 2017