اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سابق صدر اورآل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ سید پرویز مشرف کی ہدایت پرپارٹی نے ملک بھر میں سیاسی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔ہر سطح پرہم خیال سیاسی شخصیات اور جماعتوں سے رابطے ہو رہے ہیں،صوبہ سندھ سے ورکرز کنونشن کا آغاز کیاجا رہا ہے۔کنونشنز سے پارٹی قائدسیدپرویز مشرف ویڈیو لنک سے خطاب کریں گے۔2018کے انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے۔ان خیالات کا اظہار آل پاکستان مسلم لیگ کے جوائنٹ سیکرٹری اطلاعات شہزاد عربی ستی نے جمعرات کو میڈیا کے لئے جاری کئے گئے اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ پارٹی سربراہ سیدپرویز مشرف کی ہدایت پر اے پی ایم ایل نے ملک بھر میں سیاسی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔2018کے انتخابات میں تیسری بڑی سیاسی طاقت سامنے لائے جانے کے ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے ہم خیال سیاسی جماعتوں اور شخصیات سے رابطے کئے جارہے ہیں اور ان کی طرف سے زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کی ملک گیر سیاسی سرگرمیوں کا آغاز صوبہ سندھ سے کیاجارہا ہے۔اس مقصد کے لئے ابتدا میں لاڑکانہ،سکھر اور کراچی ڈویژنز میں ورکرز کنونشنز منعقد کئے جارہے ہیں۔لاڑکانہ میں 18،سکھر میں19اور کراچی میں 26فروری کو ورکرز کنونشنز منعقد کئے جارہے ہیں۔لاڑکانہ اور سکھر ڈویژنز کے ورکرز کنونشنز سے پارٹی سربراہ سیدپرویز مشرف ویڈیو لنک کے ذریعے پارٹی کارکنان سے براہ راست خطاب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں حقیقی تبدیلی لانے اور ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے سید پرویز مشرف کی آئیڈیالوجی سے استفادہ کرنا ضروری ہے۔اس مقصد کے لئے سیدپرویز مشرف کی قیادت میں تیسری بڑی سیاسی قوت سامنے لائی جارہی ہے جو 2018کے انتخابی میدان میں پوری تیاری سے نکل کر کامیابی حاصل کرے گی اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر چلائے گی۔
آل پاکستان مسلم لیگ نے ملک گیرسیاسی سرگرمیاں تیز کردیں‘سندھ سے ورکرز کنونشنزکا آغاز
Feb 17, 2017