کراچی میں ٹرانسپورٹ سسٹم مکمل طور پر ناپید ہوچکا ہے۔ سندھ حکومت صرف اعلانات اور دعوﺅں پر گزارہ کررہی ہے

Feb 17, 2018

کراچی(خبر نگار) ڈھائی کروڑ سے زائد آبادی والے شہر کراچی میں ٹرانسپورٹ سسٹم مکمل طور پر ناپید ہوچکا ہے۔ سندھ حکومت صرف اعلانات اور دعوﺅں پر گزارہ کررہی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے اعلان کے باوجود کراچی میں بڑی بسیں نہ چل سکیں۔وزیر ٹرانسپورٹ ناصر حسین شاہ شہریوں کو سفری سہولت فراہم کرنے میں ناکام ہوگئے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے گذشتہ ماہ اعلان کیا تھاکہ شہریوں کو سفری سہولت فراہم کرنے کے لئے 15 فروری سے شہر کی مختلف شاہراہوں پر75 بڑی بسیں چلائی جائینگی لیکن وزیر ٹرانسپورٹ کی عدم دلچسپی کے باعث بسیں نہ چل سکیں۔ جس کے بعد شہریوں میں ایک بار پھر مایوسی پھیل گئی ہے۔ یاد رہے کہ حکومت سندھ نے پہلے شہر بھر میں250 بڑی بسیں چلانے کا وعدہ کیا تھا جو پورا نہ ہوسکا۔ ایک سال گذر جانے کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ نے 250 میں سے 75 بسیں چلانے کا اعلان کیا وہ بھی پورا نہ ہوسکا۔ میگا سٹی کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔حکومت سندھ شہریوں کو دعوے اور اعلان کے علاوہ کچھ نہیں دے سکی ہے۔

مزیدخبریں