اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی/صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کا کہنا ہے کہ (ن) لیگ نے مجھے فوج کے خلاف بات کرنے پر اکسایا اور کہا کہ آپکوسینیٹ کا ٹکٹ دیں گے۔ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ(ن) لیگ نے مجھے فوج کے خلاف بات کرنے پر اکسایا، مجھے کہا گیا کہ آپ کو سینیٹ کا ٹکٹ دیں گے تاہم میں نے (ن) لیگ کی آفر مسترد کر دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات میرے جذبہ حب الوطنی کے خلاف ہے، فوج ہی ایک ادارہ ہے جو ملک کے لیے کام کر رہا ہے، کہیں گانے اور شادیوں جب کہ کہیں فوج اور اداروں کو بد نام کرنے کا درس دیا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز عائشہ گلالئی نے دعوی کرتے ہوئے کہا تھا کہ لودھراں کے عوام کے سامنے صرف اور صرف تحریک انصاف کی حقیقت عیاں کرنے اور پی ٹی آئی کے خلاف ان کا شعور اجاگر کرنے لیے انتخابی مہم چلائی، لودھراں کے ضمنی الیکشن کے موقع پر نواز شریف مہم چلانے وہاں نہیں گئے بلکہ صرف میری وجہ سے لودھراں کی سیٹ مسلم لیگ (ن)نے حاصل کی۔عائشہ گلالئی نے کہا ہے کہ نواز شریف عمران خان سے بھی زیادہ خطرناک ہے، میرے نزدیک اداروں کے خلاف بات کرنا بغاوت کے زمرے میں آتا ہے،نواز شریف سمجھتے ہیں کہ عدلیہ کسی اور کو پکڑے تو کوئی بات نہیں، بس مجھے نہ پکڑے،فیض آباد دھرنا فوج نے ختم کرایا تو (ن) لیگ والوں نے فوج کو بدنام کرنا شروع کر دیا، جنوبی پنجاب کی محرومیاں دیکھ کر اب یہی کہوں گی کہ الگ صوبہ بننا چاہیے اداروں کے خلاف بات کرنا مکاری ہے، نواز شریف نے پورے ملک کا اسکریپ اکٹھا کر کے فیکٹری بنائی اور دولت سمیٹی، مریم کو مانسہرہ جانے کیلئے ہیلی کاپٹر مل جاتا ہے، کیا یہ عوامی سیاست ہے؟جنوبی پنجاب میں ترقی نہیں ہورہی، سرمایہ لاہور پر لگ رہا ہے،جنوبی پنجاب کی محرومیاں دیکھ کر اب یہی کہوں گی کہ الگ صوبہ ہونا چاہیے،تحریک انصاف کو شکست ہوئی، کرپشن کی سیاست اب نہیں چلے گی
سینٹ ٹکٹ کی آفر، (ن) لیگ نے مجھے فوج کیخلاف بات کرنے پر اکسایا: عائشہ گلالئی
Feb 17, 2018