کراچی (اے این این ) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوا یم) پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے سینیٹ امیدواروں کے چناﺅ سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہادر آباد والے تحلیل رابطہ کمیٹی کے ارکان سینیٹ الیکشن کے 4امیدواروں کا نام دےدیں وہی پارٹی کے متفقہ امیدوار ہوں گے ، نام منتخب کرنے میں میری کوئی مرضی شامل نہیں ہوگی اور نہ ہی میرا ان سے کوئی رابطہ ہوگا،میں نے یہ فیصلہ پارٹی،کارکنان اور شہداءکی قربانیوں کو تقسیم ہونے سے بچانے کیلئے کیا ۔کراچی میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ میں نے تنظیم کوتقسیم ہونے سے بچاناہے،بہادرآبادوالے جو 4 نام دیں گے و ہ قبول ہوں گے ان 4ناموں پرکوئی اوررائے نہیں ہوگی۔انہوں نے کہاکہ بحیثیت سربراہ عزت اور کچھ فیصلوں پر آخری رائے میری ہونی چاہیے لیکن ہم نے تنظیم ، قوم اور کارکنان کو تقسیم ہونے سے بچانا ہے،مجھے رابطہ کمیٹی والوں نے ہٹایا مگرمیں نے نہیں کہامجھے کیوں نکالا، تحلیل شدہ رابطہ کمیٹی کی اکثریت میرے سا تھ ہے۔فاروق ستار نے کہاکہ بہادرآبادوالے جونام دیں گے میں ان کااعلان کردوں گا۔انہوںنے کہاکہ18 فروری کوانٹراپارٹی الیکشن ہوگا جس میں نئے لوگ منتخب ہوں گے وہی پارٹی کے رابطہ کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بہادر آباد گروپ کا آج گلشن اقبال میں ہونے والا اجلاس غیر قانونی ہے، سرکاری وسائل اور مشینری استعمال کیے جارہے ہیں، تحلیل شدہ رابطہ کمیٹی کو گلشن اقبال میں جلسہ کرنے پر نوٹس بھی بھیج دیا گیا ہے۔فاروق ستار نے انکشاف کیا کہ تحلیل شدہ رابطہ کمیٹی کے بعض اراکین مجھ سے رابطے میں ہیں۔ دوسری جانب ترجمان ایم کیو ایم پاکستان بہادر آباد گروپ امین الحق نے فاروق ستار کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہر قائد کا ہر فرد تنظیم کو متحد رکھنے کا خواہشمند ہے تاہم ہمیں ان باتوں کو رابطہ کمیٹی کے سامنے رکھنا ہوگا۔امین الحق نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے اراکین فاروق ستار کے گھر گئے اور ان کو کئی مرتبہ اجلاس کی سربراہی کیلئے بھی درخواست کی تاہم انہوں نے ایک مرتبہ بھی ملنے کی کوشش نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ دو تہائی اکثریت کے ساتھ رابطہ کمیٹی جس کو چاہے عہدے سے فارغ کر سکتی ہے، اور اسی اکثریت سے خالد مقبول صدیقی کو کنوینر منتخب کیا گیا۔ادھر رکن رابطہ کمیٹی کنور جمیل نے کہا کہ کامران ٹیسوری پر جو اعتراض تھا وہ برقرار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فاروق ستار کی مشاورت سے 16 میں سے 4 نام فائنل کریں گے، وہ آئیں اور کنوینر کی سیٹ سنبھالیں۔
فاروق ستار
فاروق ستار کا سینیٹ امیدواروں کے چناﺅ سے دستبرداری کا اعلان ، رابطہ کمیٹی کو 4نام دینے کی پیشکش
Feb 17, 2018