بھارت ایل او سی پر سویلین کو نشانہ بنا کر جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے: سردار مسعود

Feb 17, 2018

اسلام آباد(صباح نیوز) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود احمد خان نے کہا ہے کہ بھارت منصوبہ بندی کے تحت ایل او سی کی خلاف ورزی کررہا ہے اور جان بوجھ کر سویلین آبادی کو نشانہ بنا کر جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے پاکستان حالت جنگ میں ہے اور بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی ہوئی ہے۔ بھارت نے افغانستان کی سرزمین کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف بلوچستان، فاٹا اور کراچی میں درپردہ جنگ شروع کی ہوئی ہے۔ بھارت آگ سے کھیل رہا ہے اور اسے پتہ ہے پاکستان کی طاقت کیا ہے اور پاکستان کے عوام کے عزائم کیا ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سردار مسعود احمد خان نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ سردار مسعود خان نے مزید کہا کہ بھارتی فوجیوں نے سکول وین پر فائرنگ کی جس کے نتیجہ میںوین ڈرائیور شہید ہو گیا، ایل او سی پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ جنیوا کنونشن کی بھی خلاف ورزی ہے۔ بھارت معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر چاہتا ہے پاکستانی شہری اپنی ہی ریاست کے خلاف کھڑے ہو جائیں اور حکومت سے پوچھیں کہ یہ کیا ہو رہا ہے ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت ہمارے بہن بھائیوں کا قتل عام کررہا ہے اور ایل او سی پر فائرنگ کر کے آزاد کشمیر میں لوگوں کو شہید کر رہا ہے۔ گزشتہ برس بھارت نے 2359 ایل او سی کی خلاف ورزیاں کیں اور 80 لوگوں کو شہید کیا۔ یہ جنگ نہیں تو اور کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس حق اور استحقاق ہے کہ وہ اس کا جواب دے اور منہ توڑ جواب دے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت آگ سے کھیل رہا ہے اور اسے پتہ ہے پاکستان کی طاقت کیا ہے۔ اسے احتیاط برتنی چاہیے اگر وہ احتیاط نہیں برت رہا تو ہمیں اقوام متحدہ اوراس کی سلامتی کونسل سے فوری طور پر وزیراعظم یا وزیر خارجہ کی سطح پر رجوع کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں اور اقوام متحدہ کو اس حوالے سے آگاہ کیا جائے اور اقوام متحدہ سے اس بات کی درخواست کریں کہ اس مسئلہ یہ بحث ہونی چاہیے اور اس کے بعد کوئی نتائج سامنے آنے چاہیئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بھی صرف بیانات تک اپنے آپ کو محدود نہیں کرنا چاہیے بلکہ وہ اپنے دفاتر کو کشیدگی کم کرنے کے لیے استعمال کریں اور بھارت کو قائل کریں کہ وہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے شہریوں کو اس طرح جارحیت کا نشانہ نہ بنائے۔

مزیدخبریں