کراچی: مرگی سے آگہی کیلئے معلوماتی کانفرنس، اداکارہ نادیہ جمیل کی خصوصی شرکت

Feb 17, 2018

کراچی (غزالہ فصیح) نیشنل ایپی لیسپی سینٹر کے زیراہتمام جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں مرگی سے آگہی کے متعلق معلوماتی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ مہمان سپیکر معروف اداکارہ نادیہ جمیل خصوصی طور پر لاہورسے آئیں۔ نادیہ جمیل نے کہا مجھے 2011ء میں مرگی کی تشخیص ہوئی‘ ہمیںاس بیماری کے بارے میں بات کرتے ہوئے کوئی شرم محسوس نہیں کرنی چاہئے۔نادیہ جمیل نے کہا بیماری کے دوران میں مشکلات پیش آئیں لیکن بروقت تشخیص‘ مناسب علاج اوراپنے گھر والوںکے تعاون سے آج میں صحتمند اور مکمل زندگی بسر کررہی ہوں، میرے دو بچے ہیں جن کی میں بھرپوردیکھ بھال کرتی ہوں۔ نادیہ جمیل نے کہامرگی لاعلاج مرض نہیں اورنہ ہی اس جن بھوت کے اثرات کا نتیجہ ہے۔ مرگی میں مبتلاافراد کی علاج کیلئے حوصلہ افزائی ضروری ہے یہ بیماری مکمل طور پر دور ہوجاتی ہے۔ اس موقع پر این ای سی کے کاموں کے متعلق وڈیو فلم دکھائی گئی جس میں بتایاگیا کہ پاکستان کی مایہ نازشخصیت عبدالستار بھی مرگی کا شکار ہوئے جبکہ فلم ٹی وی کی اداکارہ سوہائی علی ابڑو کم عمری سے اس مرض میں مبتلا ہیں لیکن بیماری کو اپنی کامیابی کے آڑے نہیں آنے دیا۔ قبل ازیں این ای سی کی فعال رکن ڈاکٹر صبا محمود‘ پروفیسر حسن عزیز اورڈاکٹر زرین مغل نے سینٹر میں علاج کیلئے دستیاب سہولیات کے متعلق بتایا۔ انہوں نے کہاکہ مرگی کی ادویات مارکیٹ کی نسبت 3 گنا کم داموں میں مہیاکی جاتی ہیں۔ جناح ہسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے کہا کہ غریب مریضوں کی امداد کیلئے مرگی کے ادارے کو ہسپتال کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جاتا ہے۔ کانفرنس میں سوال و جواب کاسیشن ہوا۔ معروف شخصیات شاہد آفریدی‘ معین خان‘ گلوکار ارشدمحمود نے این ای سی کی حمایت میں وڈیو پیغام کے ذریعے کہا کہ مرگی کی تشخیص پر شرم محسوس کرنے کی بجائے علاج پر توجہ دیں۔

مزیدخبریں