اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کا جذبہ رکھنے والے بہت سے لوگ ملک میں موجود ہیں۔ ہم غریبوں کی خدمت کا جذبہ رکھنے والے لوگوں کو اجاگر کرنے میں ناکام رہے۔ ایسا ظاہر کیا جاتا ہے کہ پاکستان کے اندر کوئی اچھا کام نہیں ہوتا۔ ننانوے فیصد قرضوں کی واپسی ظاہر کرتی ہے محنت کش دیانتدار ہیں۔ اشرافیہ کی جانب سے لیے گئے قرضوں نے معیشت کی جڑوں کو کھوکھلا کیا۔ معیشت کو ایک ایمنسٹی سکیم کے ذریعے ٹھیک کیا جاتا ہے۔ ایمنسٹی سکیم کے باوجود یہ کالا دھن پھر سر اٹھا لیتا ہے۔ غریب بجلی کے بل کے بوجھ تلے دبے ہیں۔ حکومت کو اس بات کی توفیق نہیں ہوتی کہ غریب کا بل معاف کر دے۔