اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں یوٹیلیٹی سٹورز پر غیرمعیاری تیل و گھی و دیگر کی فروخت سے متعلق ازخود نوٹس کیس میں پنجاب۔ حکومت کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس حد تک کیس نمٹا دیا جبکہ ٹیٹرا پیک، پلاسٹک بوتلوں ، اجی نی موتو (چائنیز نمک) کے حوالے سے کیس میں پنجاب حکومت سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ حکومت پنجاب کے وکیل مصطفی رمدے نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ اشیاء سے بائیو پروڈکٹ تیار کی جاتی ہیں جو غیر معیاری ہوتی ہیں، یوٹیلیٹی سٹورز پر غیر معیاری گھی و تیل کی فروخت پر (بین کر دی) پابندی لگادی گئی ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے نمونوں کا معائنہ کرنے کے بعد رپورٹ دی تھی۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی تو پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پی ایف اے کی رپورٹ کے بعد یوٹیلیٹی سٹورز پر غیر معیاری گھی و تیل کی فروخت پر بند کردی گئی ہے۔ رپورٹ میں اجینی موتو (چائنیز نمک) کو مضر صحت قرار دیا گیا، جبکہ ٹیٹرا پیک، پلاسٹک کی غیر معیاری بوتلوں بھی انسانی صحت کے لیئے نقصان کا باعث ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا راولپنڈی اسلام آباد میں ایسا ہورہا ہے اس کو بھی دیکھنا ہوگا آپ معاونت کریں۔ کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیئے ملتوی کردی گئی۔
غیر معیاری گھی، تیل بابت ازخود نو ٹس کیس، سپریم کورٹ کا پنجاب حکومت کی رپورٹ پر اظہار اطمینان
Feb 17, 2018