بلند ترین شرح نمو‘ پاکستان خطے کی تیزی سے ابھرنے والی معیشتوں میں شامل ہو گیا: احسن اقبال

ا سلام آباد ( وقا ئع نگار خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ، منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان چند سال قبل دنیا کا سب سے خطرناک ملک قرار دیا جارہا تھا لیکن آج یہ ایشیا میں سب سے زیادہ تیزی کے ساتھ ابھرنے والی معیشتوں میں شامل ہوگیا ہے۔ اپنے ایک روزہ دورہ ناروے کے دوران پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے ایک تقریب میں پاکستانی برادری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کی ان پہلی پانچ معیشتوں میں شامل ہوگیا ہے جنہوں نے گذشتہ پانچ سال کے دوران بلند ترین شرح نمو حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جب برسراقتدار آئی تو ملک کی اقتصادی شرح نمو3فیصد کے قریب تھی ، گذشتہ سال ملک کی اقتصادی شرح نمو5.3 فیصد تک پہنچ گئی تھی جبکہ رواں سال اس کے 6 فیصد تک بڑھنے کا امکان ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ نیشنل گرڈ میں 11ہزار میگاواٹ بجلی کی شمولیت سے صنعتی شرح نمو میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، ملک میں امن وامان کی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے، کراچی کاروبار اور سرمایہ کاری کے مرکز کی حیثیت کھو چکا تھا لیکن آج ٹارگٹ کلنگ، لیڈ مافیا اور بھتہ خوری کا کلچر قصہ پارینہ بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 100 سے زائد فیکٹریوں کے دوبارہ فعال ہونے سے کراچی کی معیشت بحال ہورہی ہے۔ اسی طرح بے مثال ترقیاتی منصوبے شروع کرنے سے بلوچستان کی صورتحال بھی بہتر ہوئی ہے۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ سی پیک میں 46ارب ڈالر سے زائد لاگت کے منصوبے شامل ہیں، بڑے ترقیاتی منصوبے وژن2025 ء کی روشنی میں مکمل کئے جارہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے ناروے میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ ابھرتے ہوئے پاکستان کے سفیر کے طور پر کردار ادا کریں۔ قبل ازیں وفاقی وزیر نے نارویجن ہم منصب سلویا لیستوگ اور اسٹیٹ سیکرٹری ہیلورسین سے ملاقات کی۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو اجاگرکرتے ہوئے پیرس میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے مجوزہ اجلاس میں ناروے کی جانب سے پاکستان کی حمایت پر زوردیا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کی جانب سے پاکستان کو ’’گرے‘‘ لسٹ میں شامل کرنے کی کوئی بھی کوشش فائدہ مند ثابت نہیں ہوگی اور انتہا پسندی ودہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت پاکستان کی جانب سے کئی گئی کوششوںکو نقصان پہنچے گا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...