اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ممنون حسین نے ایوان صدر میں صنوبر کا پودا لگا کر موسم بہار کی شجر کاری مہم کا افتتاح کردیا ہے۔ اس موقع پر ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماحولیات کے تحفظ اور معیشت کے استحکام کے لیے جنگلات میں اضافہ اور ان کا تحفظ ضروری ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر مشاہد اللہ خان کی قیادت میں وزارت موسمیاتی تبدیلی جہاد کر رہی ہے۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی کے تحت گرین پاکستان مہم موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں مدد گار ہوگی۔ اس مقصد کے لیے ملک میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں اور قومی اثاثے کی حیثیت سے جنگلات کی حفاظت کی جائے۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت نے جنگلات میں اضافے کے لیے بھرہور اقدامات کیے ہیں لیکن یہ ایک مسلسل عمل ہے جس میں حکومت کے علاوہ معاشرے کے دیگر طبقات کو بھی خوش دلی سے شریک ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل میں بچپن سے ہی دختوں سے محبت کا شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے، بہتر ہو گا کہ تعلیمی نصاب میں مناسب تبدیلیاں کی جائیں۔ وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی مشاہد اللہ خان نے اس موقع پر کہا کہ جنگلات میں اضافے کے لیے گرین پاکستان منصوبہ پر عمل درآمد جاری ہے جس کے تحت ملک بھر میں بڑی تعداد میں شجر کاری جاری ہے۔ خاتون اول بیگم محمودہ ممنون نے بھی ایوان صدر کے لان میں صنوبر کا پودا لگایا۔ علاوہ ازیںصدر مملکت ممنون حسین نے رائل کالج آف فزیشنز ایڈنبرا کے صدر پروفیسر ڈریک بیل کی سربراہی میں وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آبادی کے لحاظ سے پاکستان جیسے بڑے ملک میں شہریوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی مشکل کام ہے لیکن حکومت پاکستان نے اس سلسلے میں کامیاب اقدامات کیے ہیں جن کی مدد سے کم آمدنی رکھنے والے طبقات تک زیادہ سے زیادہ طبی سہولتوں کی فراہمی ممکن ہو رہی ہے۔ رائل کالج آف فزیشنز ایڈنبرا کے صدر پروفیسر ڈریک بیل نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ادارہ پاکستان کے ساتھ نوجوان ڈاکٹروں کی تربیت کے سلسلے میں تجاویز پر غور کر رہا ہے جس کی عملی شکل جلد سامنے آجائے گی۔
گرین پاکستان مہم موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں مددگار ہوگی: صدر ممنون
Feb 17, 2018