کراچی (این این آئی) وفاقی وزیرتجارت محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین باہمی تجارت میں پاکستان کا حصہ بڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ پاکستانی بزنس مینوں کو کینیڈا کے ویزوں کے حصول میں مشکلات کی شکایات سے وہ کینیڈا حکومت کو آگاہ کریں گے کیونکہ ویزوں کے حصول میں آسانی سے ہی دونوں ممالک بزنس مین ایک دوسرے کے ملکوں کا دورہ کریں گے جس سے دوطرفہ تجارت بڑھ سکتی ہے ۔انہوں نے یہ بات کینیڈا کے دورے پو ٹورنٹو میں پاکستانی قونصل جنرل عمران احمدصدیقی کی رہائشگاہ پر تقریب میں یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ،ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر اور ٹڈاپ کے سابق سی ای اوایس ایم منیر سے گفتگو میں کہی۔اس موقع پر وزیرتجارت پرویز ملک کی اہلیہ،رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک، یو بی جی کینیڈا کے چیئرمین نوید بخاریِ،سمیرڈوسل،نوراحمدخان اور دیگر بھی موجود تھے۔وفاقی وزیرتجارت پرویز ملک نے بتایا کہ انکا دورہ کینڈا کامیاب رہا ہے اور اوٹاوا میں کینیڈین وزیر زراعت و خوراک لاورینس میکاؤلے سے انکی ملاقات مفید ثابت ہوئی،ہم نے کینیڈا کوپاکستان میں زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے، پاکستان کی کینیڈا سے زرعی درآمدات 60 کروڑ کینیڈین ڈالر ہیں، زرعی شعبے میں کینیڈین براہ راست سرمایہ کاری کیلئے امید افزا منڈی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ملکوں کو زرعی شعبے میں تحقیق، ترقی اور جدت کے شعبوں میں مہارت کا تبادلہ کرنا چاہئے۔ یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ کینیڈا اور پاکستان کے درمیان تجارت بڑھانے کیلئے نجی شعبہ اہم کردار ادا کررہا ہے۔ ایس ایم منیر نے وزیر تجارت پرویز ملک سے نوید بخاری کا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ وہ یو بی جی کینیڈا کے چیئرمین ہیں تو پرویز ملک نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ یو بی جی انٹرنیشنل تنظیم بن گئی ہے جبکہ رکن قومی اسمبلی شائستہ ملک نے کہا کہ وہ خود بھی یو بی جی کی ممبر ہیں۔
کینیڈا سے باہمی تجارت میں پاکستان کا حصہ بڑھانے کی کوشش جاری ہے: پرویز ملک
Feb 17, 2018